کوشک ریڈی کوویمن کمیشن کے سامنے آج حاضرہونے کاحکم
نیشنل کمیشن فارویمن(قومی کمیشن براے خواتین۔این سی ڈبلیو)نے گورنر تلنگانہ ڈاکٹرتمیلی سائی سوندراراجن کے خلاف توہین آمیزتبصرہ کرنے پر بی آرایس ایم ایل سی‘ پاڈی کوشک ریڈی کوسمن جاری کرتے ہوئے انہیں 21 فروری کوکمیشن کے سامنے حاضر ہونے کاحکم دیاہے۔
حیدرآباد: نیشنل کمیشن فارویمن(قومی کمیشن براے خواتین۔این سی ڈبلیو)نے گورنر تلنگانہ ڈاکٹرتمیلی سائی سوندراراجن کے خلاف توہین آمیزتبصرہ کرنے پر بی آرایس ایم ایل سی‘ پاڈی کوشک ریڈی کوسمن جاری کرتے ہوئے انہیں 21 فروری کوکمیشن کے سامنے حاضر ہونے کاحکم دیاہے۔
کوشک ریڈی جو تلنگانہ قانون سازکونسل کے رکن ہیں‘کی جانب سے گندی زبان استعمال کرنے پر کمیشن نے اس کا ازخودنوٹ لیااور ریڈی کو شخصی طورپرکمیشن کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی۔کمیشن کے پیانل نے ایک سرکاری مراسلت میں کہا کہ ریڈی کے یہ ریمارکس انتہائی خطرناک اور ان کے وقار کے منافی ہیں۔
کمیشن نے 14 فروری کو جاری کردہ نوٹس میں یہ بھی واضح کردیاکہ کوشک ریڈی اگر کمیشن کے سامنے حاضر ہونے میں ناکام رہتے ہیں توایسی صورت میں این سی ڈبلیو‘ان کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کرے گا۔ریاستی حکومت کی جانب سے روانہ کردہ بلز کومنظوری نہ دینے پر کوشک ریڈی نے خاتون گورنر کے خلاف ناشائستہ ریمارکس کئے تھے۔
انہوں نے گندی زبان استعمال کرتے ہوئے کہاتھا کہ گورنر‘حکومت کی بلز پر دانستہ طورپر بیٹھ گئی ہیں۔
جی ایچ ایم سی کی بی جے پی کارپوریٹر آکولہ سریوانی نے28 جنوری کوکوشک ریڈی کے خلاف اہانت آمیز تبصرہ اور غیرپارلیمانی الفاظ استعمال کرنے پر سرورنگرپولیس اسٹیشن میں شکایت درج کراتے ہوئے ایم ایل سی کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیاتھا۔ 26 جنوری کو کوشک ریڈی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہواتھا جس میں انہیں تلگوزبان میں گالی گلوج کرتے ہوئے دکھایا گیا۔