اسٹین کے 5 پسندیدہ بولرس میں سراج بھی شامل
ورلڈکپ 2023 کا جوش و خروش بڑھنے لگا ہے۔ اس میگا ایونٹ کا پہلا میچ اب سے ٹھیک چار دن بعد کھیلا جانا ہے۔ اس بار ورلڈکپ ہندوستانی سرزمین پر کھیلا جا رہا ہے اس لیے ٹورنامنٹ میں بہت زیادہ چوکے اور چھکے دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
جوہانسبرگ: ورلڈکپ 2023 کا جوش و خروش بڑھنے لگا ہے۔ اس میگا ایونٹ کا پہلا میچ اب سے ٹھیک چار دن بعد کھیلا جانا ہے۔ اس بار ورلڈکپ ہندوستانی سرزمین پر کھیلا جا رہا ہے اس لیے ٹورنامنٹ میں بہت زیادہ چوکے اور چھکے دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
تاہم کچھ تیز گیند باز ہیں جو 50 اوور کے ورلڈ کپ میں بلے بازوں کی زندگی کو دکھی بناسکتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے ان 5 فاسٹ بولرس کا انتخاب کیاہے جو ان کے مطابق اپنی رفتار کے بل بوتے پر ٹورنامنٹ میں تباہی مچاسکتے ہیں۔
ڈیل اسٹین نے 5 فاسٹ بولرس کا انتخاب کیاہے جو جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر کے مطابق ورلڈکپ 2023 میں اپنی بولنگ سے تباہی مچاسکتے ہیں۔ اسٹین نے ہندوستانی تیز گیند باز محمد سراج کو اس فہرست میں سب سے اوپر رکھا ہے۔ اسٹین نے کہاکہ سراج ہندوستانی ٹیم کیلئے اہم کھلاڑی ثابت ہوسکتے ہیں۔
اسٹین نے جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا کو دوسرے بولر کے طورپر منتخب کیا۔ اسٹین کے مطابق ربادا اپنی رفتار سے ٹورنامنٹ میں تباہی مچاسکتے ہیں اور انہیں ہندوستانی حالات میں کھیلنے کا تجربہ بھی ہے۔ اسٹین نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو تیسرے فاسٹ بولر کے طورپر منتخب کیا۔ جنوبی افریقہ کے سابق کھلاڑی اسٹین نے ٹرینٹ بولٹ سے بھی بلے بازوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔
پانچویں بولر کے طورپر اسٹین نے انگلینڈ کے مارک ووڈ پر شرط لگائی۔ واضح رہے کہ ورلڈکپ کا 5 اکتوبر سے ہندوستانی سرزمین پر آغاز ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں دفاعی چمپئن انگلینڈ کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ اس کے علاوہ ہندوستانی ٹیم 8 اکتوبر کو چینائی میں آسٹریلیا کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی جبکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان زبردست میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔