مشرق وسطیٰ

ایران کے میزائلوں نے دنیا کے باوقار لوگوں کو خوش کر دیا: سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای

تہران:ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری کردہ ایک ویڈیو میں اسرائیلی فضائی حملوں اور غزہ میں کیے گئے مظالم کے مناظر کو دکھایا گیا، ساتھ ہی ایران کی جانب سے اسرائیل پر داغے گئے میزائلوں کی تباہ کاریوں اور اس پر لوگوں کے جشن منانے کی فوٹیج کو شامل کیا گیا۔

متعلقہ خبریں
اسرائیلی حملہ میں لبنان میں 20 اور شمالی غزہ میں 17 جاں بحق
غزہ میں 86 فلسطینی جاں بحق
روسی صدر کی مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے خاتمے میں مدد کی پیشکش
غزہ میں اسرائیل کی شدید بمباری, عمارتیں ڈھیر
غزہ میں 80 فیصد علاقہ تباہ، کوئی جگہ محفوظ نہیں، حالات ناقابلِ بیان

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح دنیا بھر میں لوگوں نے ایران کے ان حملوں کو سراہا، جو اسرائیل کے خلاف ردعمل کے طور پر کیے گئے۔

شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں تحریر تھا، ”وہ میزائل جو دنیا کے باوقار انسانوں کے لیے خوشی کا باعث بنے۔”

ایران کے سپریم لیڈر کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوطرفہ کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے اور ایران و اسرائیل کے درمیان عسکری محاذ آرائی میں شدت آچکی ہے۔

ایران کا کہنا ہے کہ اس کے حملے صرف اسرائیلی جارحیت کے خلاف دفاعی ردعمل ہیں جبکہ عالمی سطح پر ان حملوں پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا ایک بیان سامنے آیا تھا، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا امریکا کو مدد کے لیے پکارنا کمزوری کی علامت ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ دشمن کو احساس ہوا ایرانی قوم ڈر رہی ہے تو وہ آپ کو نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن سے وہی سلوک جاری رکھیں جو آج تک اس نے کیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے ایرانی سپریم کمانڈر آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ خامنہ ای بیرشیبہ میں سوروقا اسپتال پر حملے کی قیمت ادا کریں گے۔

کاٹز کا کہنا تھا کہ اسرائیل اب ایران میں نئے قسم کے اسٹریٹجک اہداف پر حملے شروع کرے گا تاکہ اسرائیل کی ریاست کو لاحق خطرات کو دور کیا جا سکے اور خامنہ ای کی حکومت کو ہلا دیا جا سکے۔