ایشین گیمس: نکہت زرین کا فاتحانہ آغاز
ہندوستان کی اسٹار خاتون باکسر نکہت زرین اور پریتی پوار نے ایشین گیمس میں فاتحانہ آغاز کیا۔ آج کھیلے گئے پہلے راونڈ کے مقابلہ میں نکہت زرین نے 50کیلوگرام زمرہ میں ویتنام کی حریف کھلاڑیوں کو شکست دیکر آئندہ راونڈ میں رسائی حاصل کی۔
ہانگزو: ہندوستان کی اسٹار خاتون باکسر نکہت زرین اور پریتی پوار نے ایشین گیمس میں فاتحانہ آغاز کیا۔ آج کھیلے گئے پہلے راونڈ کے مقابلہ میں نکہت زرین نے 50کیلوگرام زمرہ میں ویتنام کی حریف کھلاڑیوں کو شکست دیکر آئندہ راونڈ میں رسائی حاصل کی۔
نکہت نے مقابلہ کے آغاز سے ہی حریف کھلاڑی کے خلاف جارحانہ رخ اختیار کیاتھا جس کا انہیں جیت کی صورت میں فائدہ حاصل ہوا۔ نکہت زرین نے ورلڈ چمپئن شپ کی سلور میڈلسٹ حریف کے خلاف ابتداء سے ہی شاندار کھیل پیش کیا۔ ایک اور مقابلہ میں 19 سالہ پریتی پوار نے اپنی حریف کھلاڑی کے خلاف جیت حاصل کی۔
واضح رہے کہ ہندوستان نے 2018 کے ایشیائی کھیلوں میں دو تمغے جیتے تھے اور وہ اس تعداد میں اضافہ کرنا چاہے گا۔ ہندوستانی خواتین باکسر دو بار کی عالمی چمپئن نکہت زرین اور اولمپک برانز میڈلسٹ لولینا بورگوہین گولڈ میڈل اور اولمپک کوٹہ جیتنے کی سب سے بڑی دعویدار ہیں۔
اس کے علاوہ مردوں میں عالمی چمپئن شپ میں تمغہ جیتنے والے باکسر شیو تھاپا، دیپک بھوریا اور نشانت دیو تمغوں کے ساتھ ملک کیلئے اولمپک کوٹہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ ایشین گیمز براعظم کے باکسرز کیلئے اولمپک کوٹہ حاصل کرنے والا پہلا کوالیفائنگ ٹورنامنٹ ہے۔
13 ویٹ کیٹیگریز میں کل 34 کوٹے داؤ پر لگیں گے۔ ایشین گیمز میں مردوں کے 7 اور خواتین کے 6 وزن کے زمرہ ہیں۔ خواتین کے زمرہ میں 50 کلوگرام، 54 کلو گرام، 57 کلو گرام اور 60 کلو گرام میں سیمی فائنل جبکہ 66 کلوگرام اور 75 کلو گرام میں فائنلسٹ پیرس کیلئے کوالیفائی کریں گی۔
اس کے علاوہ مردوں کے تمام وزنی زمروں میں سونے اور چاندی کے تمغے جیتنے والوں کو کوٹہ ملے گا۔ گزشتہ مرحلے میں خواتین باکسرز خواتین کے زمرہ میں ایک بھی تمغہ نہیں جیت سکیں تھیں لیکن اب ویٹ کیٹگریز 2018 کے مقابلہ میں دوگنا ہوگئی ہیں۔ اس مرتبہ زرین کو ایک مشکل ڈرا دیا گیاہے۔ نکہت کزرین کا آئندہ مقابلہ دو بار کی عالمی کانسی کا تمغہ جیتنے والی چوتھامت رکسات سے ہوسکتا ہے۔
اس کے علاوہ لولینا کو پہلے راؤنڈ میں بائی مل گئی ہے جس کی وجہ سے وہ میڈل سے صرف ایک میچ دور ہوں گی۔ کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ کوریا کی سیونگ سویون سے ہوگا۔ جیسمین کو بھی پہلے راؤنڈ میں بائی مل گئی ہے اور وہ سعودی عرب کی عاشور کا مقابلہ کریں گی۔
شیو کو ایک آسان ڈرا ملا ہے جس سے اسے فائنل تک پہنچنے میں مدد ملنی چاہیے۔ سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ چائنیز تائپی کے چوئن لائی سے ہوگا۔ دیپک نے پچھلی بار کے لائٹ فلائی ویٹ فاتح امیت پنگھل کو شکست دیکر ایشیاڈ میں جگہ بنائی تھی۔ نشانت کا کوارٹر فائنل میں 2012 کے عالمی چمپئن جاپان کے سیون اوکازاوا سے مقابلہ ہوسکتا ہے۔