ای ڈی کے خلاف عدالت سے رجوع ہونے بی آر ایس ایم ایل اے کا اعلان

رکن اسمبلی تانڈور روہت ریڈی جو بی آر ایس کے 4 ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کے کیس کے شکایت کنندہ ہیں، نے تعجب کا اظہار کیا کہ ای ڈی، ملزمین کے بجائے شکایت کنندہ سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔

حیدرآباد: ایم ایل ایز پوچنگ کیس کو منظر عام پر لانے کی مجھے سزاء دی جارہی ہے، حکمراں جماعت بی آر ایس کے رکن اسمبلی پی روہت ریڈی نے اتوار کے روز الزام عائد کیا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ مجھے(روہت ریڈی) فرضی کیسوں میں پھانسنے کی بی جے پی کوشش کررہی ہے کیونکہ میں نے ایم ایل ایز پوچنگ کیس کو اجاگر کیا تھا۔

مرکزی ایجنسی کی پوچھ تاچھ کیخلاف اُنہوں نے تلنگانہ ہائیکورٹ سے رجوع ہونے کا اعلان کیا ہے۔ رکن اسمبلی تانڈور روہت ریڈی جو بی آر ایس کے 4 ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کے کیس کے شکایت کنندہ ہیں، نے تعجب کا اظہار کیا کہ ای ڈی، ملزمین کے بجائے شکایت کنندہ سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔

روہت ریڈی نے یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انہیں نشانہ بنایاجارہا ہے کیونکہ جن 8 ریاستوں میں منتخب حکومتوں کو گرایاگیا وہاں ان میں سے کسی بھی ریاست میں بی جے پی کو مزاحمت کا سامنا کرنا نہیں پڑا لیکن تلنگانہ میں ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کے کیس کا میں نے جب پردہ فاش کیا تب سے وہ مجھے نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں اور مجھے فرضی مقدمات میں ماخوذ کرنے کی سازش کی جارہی ہے اور میرے افراد خاندان کو ہراساں کیاجارہا ہے۔

گزشتہ ہفتہ مبینہ منی لانڈرنگ کے سلسلہ میں ای ڈی نے دوبار، روہت ریڈی سے پوچھ تاچھ کی ہے۔ رکن اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس اس طرح کی معلومات ہیں کہ پوچنگ کیس کے ایک ملزم نندو کمار کا بیان ریکارڈ کرتے ہوئے ای ڈی مجھے فرضی کیس میں پھانسنے کی کوشش کررہی ہے۔ شہر کی ایک عدالت نے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے پوچنگ کیس کے ایک ملزم کا بیان ریکارڈ کرانے کی ای ڈی کو اجازت دی ہے۔

نندو کمار فی الوقت چنچل گوڑہ جیل میں بند ہے۔ انہوں نے کہاکہ چاہئے آپ میرے لئے کئی مسائل پیدا کرلیں اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ آپ میرے افراد خاندان کو دھمکاسکتے ہیں، میری شخصی شبیہ کو داغدار کرسکتے ہیں، نوٹسیں روانہ کرسکتے ہیں حتی کہ مجھے گرفتار کرسکتے ہیں، ان تمام مسائل سے مجھ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور میں آپ کے آگے نہیں جھکوں گا۔

روہت ریڈی نے الو ارجن کی بلاک بسٹر فلم ”پشپا“ کا مشہور ڈائیلاگ ”تھگے دیلے“ (جھکیگا نہیں)کا استعمال کیا۔ اُنہوں نے کہاکہ پہلے دن ای ڈی نے مجھے یہ نہیں بتایا کہ مجھے کس کیس میں طلب کیا جارہا ہے۔ کیس کی تفصیلات فراہم کئے بغیر ای ڈی حکام نے مجھے بائیوڈاٹا دینے کی ہدایت دی۔

کیس کی تفصیلات بتائے بغیر پہلے دن، مجھے 6 گھنٹوں تک بٹھایاگیا۔ دوسرے دن میرے مطالبہ کے بعد مجھے بتایاگیاکہ ارکان اسمبلی پوچنگ کیس میں آپ کو سمن دیا گیا ہے۔ منی لانڈرنگ کیس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ابھیشک اولا نے کچھ نہیں کیا ہے اس کے باوجود ای ڈی نے اس سے پوچھ تاچھ کی۔ ابھیشک نے رکن اسمبلی کے بھائی سے رقمی لین دین کی تھی۔

انہوں نے کہاکہ میں نے کوئی غلطی نہیں کی ہے اور وہ ای ڈی کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے سوال کیا کہ بی جے پی کے قائدین جن میں بی ایل سنتوش اور تشار ویلاپلی بھی شامل ہیں، کیوں ایس آئی ٹی کے سامنے حاضر نہیں ہورہے ہیں؟۔ ایس آئی ٹی، ایم ایل ایز پوچنگ کیس کی تحقیقات کررہی ہے۔

بی آر ایس کے رکن اسمبلی نے ایک بار پھر کہاکہ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور وزراء کے خلاف بی جے پی، سی بی آئی، ای ڈی اور دیگر مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کررہی ہے جس کا مقصد چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ اور بی آر ایس حکومت کی نیک نامی کو متاثر کرنا ہے۔