تلنگانہ

تلنگانہ میں بھی اومیکرون کے نئے ویرینٹ کی شناخت

جنیٹکٹس رپورٹ کے مطابق تلنگانہ کے بشمول ملک کی مختلف ریاستوں میں اومیکرون کے نئے ویرینٹ BA.2.75 کی شناخت ہوئی ہے۔

حیدرآباد: ملک بھر میں اومیکرون کی مختلف ذیلی اقسام پر مشتمل کووڈ 19کے مثبت کیسس میں تیزی کے ساتھ جہاں اضافہ ہورہا ہے وہیں صورتحال اس وقت پیچیدہ ہوگئی کہ جنیٹکٹس رپورٹ کے مطابق تلنگانہ کے بشمول ملک کی مختلف ریاستوں میں اومیکرون کے نئے ویرینٹ BA.2.75 کی شناخت ہوئی ہے۔

ریاست تلنگانہ میں یومیہ اساس پر کورونا کے600 کے قریب کیسس سامنے آرہے ہیں جبکہ بی ایچ ایم سی میں کورونا وائرس سے روزانہ300 کے قریب افراد متاثر ہورہے ہیں مگر اچھی بات یہ ہے کہ ان انفیکشن سے ریاست میں تاحال اموات نہیں ہوئی ہیں۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق تلنگانہ اور دیگر ریاستوں میں BA4 اورBA5 کے کیسس میں اضافہ ہورہا ہے۔INSACOG کی رپورٹ کے مطابق تلنگانہ اور دیگر ریاستوں میں حالیہ دنوں میں اومیکرون کے نئے ویرینٹBA.2.75 کے جملہ77 کیسس سامنے آئے ہیں۔

ان ریاستوں میں مہاراشٹرا، کرناٹک، مغربی بنگال، مدھیہ پردیش، یو پی، ہماچل پردیش اور جموں وکشمیر شامل ہیں۔نئے ورینٹBA.2.75، سابقہ ذیلی اقسام سے زیادہ طاقتور بتایا گیا ہے۔ محکمہ ہیلت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ نیا ویرینٹ جس رفتار سے پھیل رہا ہے، آنے والے دنوں میں یہ ویرینٹBA5 کی جگہ لے سکتا ہے۔

نئے وائرس پر انفیکشن کے بعد اور ویکسین سے حاصل کردہ قوت مدافعت کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔ عہدیدار نے بتایا کہ نئے ویرینٹ کا پتہ چلنے کے بعد عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

a3w
a3w