جموں و کشمیر

جموں و کشمیر: کانگریس لیڈرس کے استعفوں کا سلسلہ جاری

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پیر کے روز سابق ممبر اسمبلی کٹھوعہ بانی میر ملک ، سابق ایم ایل سی سبھاش گپتا اور شام لال بھگت نے کانگریس سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

سری نگر: سینئر کانگریس قائد غلام نبی آزاد کی جانب سے پارٹی سے علیحدگی کے بعد کانگریس لیڈران اور کارکنان کی جانب سے بھی مستعفی ہونے کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا۔

معلوم ہوا ہے کہ کٹھوعہ سے تعلق رکھنے والے تین سابق ممبران اسمبلی نے پارٹی ہائی کمان کوخط کے ذریعے استعفیٰ دینے کے بارے میں آگاہی فراہم کی ۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پیر کے روز سابق ممبر اسمبلی کٹھوعہ بانی میر ملک ، سابق ایم ایل سی سبھاش گپتا اور شام لال بھگت نے کانگریس سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز نئی دہلی میں جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے متعدد پارٹی کے سینئر لیڈران نے آزاد صاحب سے ملاقات بھی کی۔

غلام نبی آزاد کے قریبی ساتھی جی ایم سروری نے بتایا کہ مزید تین کانگریس لیڈران نے پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ہمیں بھی اُس کی کاپی بھیجی ہے۔

اُن کے مطابق آنے والے دنوں میں مزید لیڈران کی آزاد گروپ میں شمولیت کا امکان ہے۔

دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند ، سابق وزراء عبدالمجید وانی، موہن لال شرما ، گرور رام ، سابق ایم ایل اے بلوان سنگھ نے نئی دہلی میں غلام نبی آزاد کے ساتھ ملاقات کی۔

ذرائع نے بتایا کہ چار ستمبر کو جموں دورے کے دوران مذکورہ لیڈران بھی کانگریس پارٹی سے مستعفی ہو رہے ہیں۔