زیرزمین پراسرار آوازوں سے گاؤں والے دہشت زدہ
سائنسی وجہ معلوم کرنے ضلع عہدیداروں نے ہندوستانی ادارے برائے ارض مقناطیسیت کے ماہرین سے گاؤں آکر اس عجیب و غریب معاملے کا مطالعہ کرنے کی درخواست کی۔

ممبئی: لاتور ضلع کے ایک گاؤں میں زمین کے نیچے سے پراسرار آوازیں‘ نیٹ فلکس کی مقبول سیریز‘’اسٹرینجر تھنگس“ کی کہانی معلوم ہوتی ہیں۔ یہ آوازیں ایک ہفتہ سے آرہی ہیں۔ ایک عہدیدار کے مطابق ضلع کے ہسوری موضع میں پراسرار زیر زمین آوازیں آرہی ہیں۔
سائنسی وجہ معلوم کرنے ضلع عہدیداروں نے ہندوستانی ادارے برائے ارض مقناطیسیت کے ماہرین سے گاؤں آکر اس عجیب و غریب معاملے کا مطالعہ کرنے کی درخواست کی۔ ہسوری موضع کیلاری سے 28کلومیٹر دور واقع ہے جہاں 1993ء میں ہلاکت خیز زلزلے کی وجہ سے 9700 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے مگر اس کے بعد سے علاقہ میں کوئی زلزلہ نہیں آیا۔
مقامی اطلاعات کے مطابق 6 / ستمبر سے زمین کے نیچے سے تیز اور پراسرار آوازیں آرہی ہیں جس سے گاؤں والے دہشت زدہ اور الجھن کے شکار ہیں۔ لاتور ضلع کے کلکٹر پرتھوی راج بی پی نے منگل کو گاؤں کا دورہ کرکے عوام سے نہ گھبرانے کی اپیل کی۔ ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یوینیورسٹی سے ماہرین کی ایک ٹیم آج گاؤں کا دورہ کرے گی۔