سیلفی لینے کی کوشش میں حیدرآباد کے 3 افراد تالاب میں غرق
ایک تالاب کے بالکل کنارے کھڑے ہوکر سیلفی لینے کی کوشش کے نتیجہ میں جمعرات کے روزضلع سدی پیٹ میں ایک 3سالہ بچہ کے سمیت 3افراد کی موت ہوگئی۔یہ المناک واقعہ ضلع کے ورگل میں پیش آیا۔

حیدرآباد: ایک تالاب کے بالکل کنارے کھڑے ہوکر سیلفی لینے کی کوشش کے نتیجہ میں جمعرات کے روزضلع سدی پیٹ میں ایک 3سالہ بچہ کے سمیت 3افراد کی موت ہوگئی۔یہ المناک واقعہ ضلع کے ورگل میں پیش آیا۔
ورگل پولیس کے مطابق 3افراد جو حیدرآباد شہر کے رہنے والے بتائے گئے ہیں‘ورگل منڈل میں نینتورو تالاب میں غرق ہوگئے۔ ان تینوں کی شناخت 26سالہ شیخ قیصر‘اس کا بھتیجہ 3سالہ شیخ مصطفے اور اس کے کزن 17 سالہ محمدسہیل کے طورپرکی گئی ہے۔
قیصر اور مصطفےٰ شہر کے یاقوت پورہ کے رہنے والے تھے جبکہ محمدسہیل‘ جگت گروگٹہ کا متوطن بتایا گیا ہے۔ شکایت کنندہ سہیل کے والد محمد محبوب کے مطابق یہ تینوں‘خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ ایک تقریب میں شرکت کے لئے مقطعہ مسان پلی پہونچے تھے۔
بعدازاں کچھ راحت‘آرام کے لئے یہ افراد نینتوروکے قریب تالاب گئے جہاں قیصر نے اپنے فون سے سیلفی لینے کے لئے مصطفے کولے کر تالاب میں قدم رکھا تھا کہ وہ پھسل کر پانی میں گرپڑے۔
اس دوران سہیل نے ان دونوں کوبچانے کے لئے پانی میں کودپڑا مگر تینوں غرقاب ہوگئے۔ قیصر اور سہیل دونوں بھی تیراکی سے ناواقف تھے۔ ورگل پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کاآغاز کردیا۔