شاہ سلمان کی دعوت پر ایک ہزار فلسطینی شاہی مہمان
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فلسطینی شہدا کے لواحقین، زخمیوں اور اسیران کے ایک ہزار اہل خانہ کو شاہی مہمان کے طور پر حج کرانے کے احکامات دیئے ہیں۔

ریاض: سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فلسطینی شہدا کے لواحقین، زخمیوں اور اسیران کے ایک ہزار اہل خانہ کو شاہی مہمان کے طور پر حج کرانے کے احکامات دیئے ہیں۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ہفتہ کو ایک بیان میں کہا گیا کہ ’یہ اقدام ’ضیوف خادم الحرمین الشریفین‘ پروگرام کا حصہ ہے جس کی نگرانی ہر سال مملکت میں وزارت اسلامی امور کرتی ہے۔‘
’ضیوف خادم الحرمین الشریفین‘ پروگرام کے نگران اعلٰی شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے فسلطینی شہدا کے لواحقین کو شاہی مہمان کے طور پر حج کرانے کے احکامات پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی میزبانی میں حج پروگرام ہر سال جاری کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے متعدد افراد شاہی مہمان کے طور پر فریضہ حج ادا کرتے ہیں۔
عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر عادل بن عبدالرحمٰن العسومی نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے اس اعلان کو سراہا ہے جس میں انہوں نے فلسطینی شہداء، اسیران اور زخمیوں کے خاندانوں کے ایک ہزار افراد کے حج کی میزبانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایک ہزار فلسطینیوں کے حج کی میزبانی کے اعلان کو سعودی عرب کی طرف سے قضیہ فلسطین کی منصفانہ حمایت اور فلسطینی قوم کیساتھ یکجہتی کی عمدہ مثال قرار دیا۔