ملک کا بٹوارہ : بی جے پی نے 7منٹ کا ویڈیو جاری کیا
بٹوارے کی تلخ یادوں کے دن بی جے پی نے کانگریس اور کمیونسٹوں کو موردِ الزام ٹہرایا کہ انہوں نے مسلم لیگ کا علٰحدہ ملک کا مطالبہ مان لیاتھا۔
نئی دہلی: بٹوارے کی تلخ یادوں کے دن بی جے پی نے کانگریس اور کمیونسٹوں کو موردِ الزام ٹہرایا کہ انہوں نے مسلم لیگ کا علٰحدہ ملک کا مطالبہ مان لیاتھا۔
اتوار کے دن بھگواجماعت کے جاری کردہ 7منٹ کے ویڈیو میں بی جے پی نے نہرو اور کانگریس کو ذمہ دارٹہرایاکہ انہوں نے محمدعلی جناح کی مسلم لیگ کا علٰحدہ ملک کا مطالبہ مان لیاتھا حالانکہ انہیں اس کی مخالفت کرنی چاہئیے تھی۔
بٹوارے کی کہانی بیان کرتے ہوئے ویڈیو میں نہرو اور جناح کو دکھایاگیا۔ اس ویڈیو میں جان ریڈکلف کو بھی دکھایاگیا جس نے دو ملکوں کو بانٹنے کا نقشہ تیارکیاتھا۔
ویڈیو میں سوال کیاگیاکہ ہندوستانی کلچر‘ثقافت‘تہذیب اور اقدار سے ناواقف لوگوں نے صرف تین ہفتوں میں ایسے لوگوں کے درمیان سرحدیں کیسے کھینچ دیں جو صدیوں سے مل جل کر رہتے آئے تھے۔
بی جے پی نے ٹوئٹر پر ویڈیوشیئر کرتے ہوئے پوچھا کہ ان تفرقہ پسند طاقتوں سے لڑنے کی ذمہ داری جن لوگوں پر تھی وہ اس وقت کہاں تھے۔
آخر میں بی جے پی نے بٹوارے کیلئے کمیونسٹوں کو بھی موردالزام ٹہرایا۔