مودی پر تنقید کرنے والوں کیخلاف ای ڈی اور سی بی آئی کا استعمال: کے ٹی آر

تارک راما راؤ نے کہا کہ ہماچل پردیش کے رکن اسمبلی جگت سنگھ نیگی نے ہماچل پردیش اسمبلی میں شکایت کی کہ وزیراعظم نریندر مودی‘ملک پر حکمرانی میں ناکام ہوچکے ہیں۔

حیدرآباد: حکمراں ٹی آر ایس کے ورکنگ صدر،  چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے لڑکے و وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے راما راؤ نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت‘ وزیراعظم اور بی جے پی پر تنقید کرنے والوں کے خلاف ای ڈی، آئی ٹی اور سی بی آئی کا استعمال کررہی ہے۔

آج اپنے ٹوئٹ میں وزیر نے کہا کہ ”جامع اور حقیقت پر مبنی، ضرور دیکھنا چاہیے۔ مجھے یقین ہے کہ ای ڈی، آئی ٹی اور سی بی آئی معزز رکن اسمبلی کے مکان جارہی ہوں گی۔“ تارک راما راؤ نے کہا کہ ہماچل پردیش کے رکن اسمبلی جگت سنگھ نیگی نے ہماچل پردیش اسمبلی میں شکایت کی کہ وزیراعظم نریندر مودی‘ملک پر حکمرانی میں ناکام ہوچکے ہیں۔

اس پر وزیر کے ٹی آر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہ کہ ہر شخص کو اُس رکن اسمبلی کی تقریر سننی چاہیے جنہوں نے بے حد مختصر طریقے سے حقائق بیان کیے ہیں۔

تاہم انہوں نے بی جے پی کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے  کہا کہ ای ڈی، آئی ٹی اور سی بی آئی نے رکن اسمبلی کے مکان پر حملے کی تیاری کرلی ہوگی۔ وزیر قابل تجدید توانائی فروغ کارپوریشن کے چیرمین وائی ستیش ریڈی نے اسمبلی میں جگت سنگھ کی تقریر کا ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کیا تھا۔