مشرق وسطیٰ

مکہ مکرمہ میں غیرمسلم شخص داخل، ایک سعودی شہری گرفتار

سعودی عرب نے اپنے ایک شہری کو حراست میں لے کر اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا ہے جبکہ یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے ایک اسرائیلی نژاد غیر مسلم امریکی صحافی کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے میں مدد کی تھی۔

حیدرآباد: سعودی عرب نے اپنے ایک شہری کو حراست میں لے کر اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا ہے جبکہ یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے ایک اسرائیلی نژاد غیر مسلم امریکی صحافی کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے میں مدد کی تھی۔

https://twitter.com/haramainarchive/status/1550408346099908609

واضح رہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ دونوں اسلام کے ایسے مقدس ترین مقامات ہیں جہاں صرف مسلمانوں کو جانے کی اجازت ہے۔ ان شہروں میں غیرمسلم داخل نہیں ہوسکتے۔

بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کے چینل 13 کے صحافی گل تماری نے پیر کو ٹویٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اس نے خود کو اسلام کے مقدس ترین شہر مکہ مکرمہ میں داخل ہوتے ہوئے دکھایا تھا جو واضح طور پر غیر مسلموں پر داخلے کی پابندی کے قاعدے کی خلاف ورزی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے پولیس ترجمان نے بتایا کہ مکہ کی علاقائی پولیس نے ایک سعودی شہری کو حراست میں لے کر استغاثہ کے حوالے کردیا ہے جس نے مبینہ طور پر ایک غیر مسلم صحافی کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے میں مدد کی تھی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے اسرائیل کو تاحال تسلیم نہیں کیا ہے اور 2020 کے ابراہیم معاہدے پر دستخط نہیں کیے ہیں جو امریکہ کی ثالثی میں کیا گیا تھا۔ بالفرض سعودی عرب، مستقبل میں اسرائیل کو تسلیم بھی کرتا ہے تو یہ قاعدہ تبدیل نہیں ہوسکتا اور غیرمسلموں کو مکہ اور مدینہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

اپنے تقریباً دس منٹ کے ویڈیو میں، گل تماری، جبل عرفات کا سفر کرتا ہے، جہاں ہر سال احرام میں ملبوس مسلمان حج کے ایک اہم رکن کی ادائیگی کے لئے جمع ہوتے ہیں۔

گل تماری ویڈیو میں کہتا ہے کہ وہ واضح طور پر یہ جانتا ہے کہ وہ مکہ میں داخل ہوکر قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے، لیکن پھر یہ بھی دعویٰ کرتا ہے کہ اس نے ایک ایسے مقام کو اجاگر کرنے کے لیے ایسا کیا، جو مسلمانوں کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

اسی دوران سعودی پولیس نے بتایا ہے کہ غیرمسلم کو مکہ مکرمہ میں داخلے میں مدد فراہم کرنا جرم ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس قسم کی خلاف ورزی کرنے والے کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

a3w
a3w