نئے راشن کارڈس اورپنشن کی اندرون دوماہ اجرائی: ہریش راؤ

آئندہ دو مہینوں میں عوام میں نئے راشن کارڈس اور پنشن جاری کئے جائیں گے۔ آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہاکہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے پابندعہدہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ حکومت کی جانب سے آئندہ دو مہینوں میں عوام میں نئے راشن کارڈس اور پنشن جاری کئے جائیں گے۔ آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے پابندعہدہے۔

وزیر فینانس نے کہاکہ ریاست کے تمام غریب افراد جن کے پاس مکان بنانے کے لئے اراضی ہے ان کومکان کی تعمیرکے لئے مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ہریش راؤنے مزید کہاکہ ریاست میں حالیہ عرصہ کے دوران ہوئی زبردست بارش سے متاثرہ عوام کی باز آبادکاری کے لئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔

 انہوں نے کہاکہ دریائے گوداوری میں غیرمعمولی باڑھ آئی تاہم حکومت کے بروقت اقدامات کے باعث ایک بھی انسانی جان کا اتلاف نہیں ہوا۔ہریش راؤ نے مزید کہاکہ ان حالات میں جب عوام کا بڑا طبقہ مسلسل بارش اورسیلاب کی وجہ سے پریشان ہے کوراحت پہنچانے کے لئے بی جے پی کے ریاستی قائدین کوبھی کردارادا کرناچاہئے۔

 مرکزی حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے ریاست کے لئے مددحاصل کریں مگر بی جے پی قائدین حیدرآباد میں بیٹھ کرسطحی سیاست کررہے ہیں۔ہریش راؤ نے کہاکہ ایک طرف ٹی آرایس کی جانب سے اثاثہ تیار کرتے ہوئے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

وہیں بی جے پی ملک کے وسائل کو کارپوریٹ اداروں کے حوالہ کرتے ہوئے عوام کوترقی کے ثمرات سے محروم کررہے۔ بی جے پی کوتلنگانہ کی ترقی ہضم نہیں ہوپارہی ہے تاہم ٹی آرایس ان تمام باتوں کے باوجود ریاست کی ترقی اورخوشحالی کاعمل جاری رکھے گی۔