حیدرآباد

چین سرحدی تنازعہ: وزیراعظم سے اویسی کے تین سوال

صدر مجلس اسد الدین اویسی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا ہے کہ ان کی حکومت ہندوستان-چین سرحد پر مئی 2020 سے پہلے کی صورتحال پر واپسی کا مطالبہ کیوں نہیں کر رہی ہے۔

حیدرآباد: صدر مجلس اسد الدین اویسی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا ہے کہ ان کی حکومت ہندوستان-چین سرحد پر مئی 2020 سے پہلے کی صورتحال پر واپسی کا مطالبہ کیوں نہیں کر رہی ہے۔

ہندوستان-چین کور کمانڈر سطح کی میٹنگ کے 19 ویں دور کی بات چیت میں ناکامی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے اپنے ایک طویل ٹویٹ میں کہا کہ میرے سوالات (وزیر اعظم) نریندر مودی سے جوں کے توں ہیں۔ ہم مئی 2020 سے پہلے کی صورتحال پر واپسی کا مطالبہ کیوں نہیں کر رہے؟

ہمارے فوجیوں کو ان 26 گشتی مقامات پر گشت کرنے کا حق کب واپس ملے گا جہاں وہ 2020 تک گشت کرتے رہے ہیں؟

بھارت کب 2000 مربع کلومیٹر کے علاقے پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرے گا جو اس نے 2020 میں چین کے حق میں کھو دیا تھا؟

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ سرحدی بحران کو شروع ہوئے تقریباً 40 ماہ ہو چکے ہیں۔ انکار، انحراف، خلفشار — ہم نے اب تک یہی کچھ مودی حکومت کی طرف سے دیکھا ہے۔ ہمیں جس چیز کی ضرورت ہے وہ ہے سرحد پر تناؤ میں کمی اپنے فوجیوں کی آزادانہ گشت کے علاوہ دہلی میں سچ کا سامنا کرنے کے لئے کچھ ہمت۔

انہوں نے ہند چین کارپس کمانڈرس سطح کی بات چیت میں ناکامی کے بعد جاری مشترکہ پریس ریلیز کا حوالہ دیتے ہوئے ان نریندر مودی سے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر یہ استفسارات کئے۔