کے سی آر، نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے
تلنگانہ کے چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ نیتی آیوگ کی آٹھویں گورننگ کونسل کے اجلاس میں جوشیڈول کے مطابق ہفتہ 27 مئی کو دہلی میں مقرر ہے‘شرکت نہیں کریں گے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ نیتی آیوگ کی آٹھویں گورننگ کونسل کے اجلاس میں جوشیڈول کے مطابق ہفتہ 27 مئی کو دہلی میں مقرر ہے‘شرکت نہیں کریں گے۔
راؤ نے گزشتہ سال نیتی آیوگ کو ”بے فیض‘ بے کار ادارہ“قرار دیتے ہوئے ساتویں گورننگ کونسل کے اجلاس کا بائیکاٹ کیاتھا۔ کے سی آر ہفتہ کے روز منعقدشدنی نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت کے لئے دہلی نہیں جائیں گے۔
تلنگانہ کے چیف منسٹرنے وزرایا عہدیداروں کو نیتی آیوگ اجلاس میں شرکت کا مجاز نہیں گردانا ہے تاحال اس سلسلہ میں دفتر چیف منسٹر سے کوئی ہدایات وصول نہیں ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کودہلی کے پرگتی میدان میں منعقدشدنی نیتی آیوگ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
تلنگانہ سے مرکز کے سوتیلے سلوک کے خلاف کے چندر شیکھرراؤ گزشتہ چندبرسوں سے نیتی آیوگ کے سالانہ اجلاس میں شرکت نہیں کررہے ہیں۔ ریاستوں کے تئیں مرکزکے امتیازی رویہ کے خلاف بطوراحتجاج کے سی آر نے گزشتہ سال اگست میں منعقدہ نیتی آیوگ کے اجلاس کا بائیکاٹ کیاتھا۔
کل منعقدشدنی نیتی آیوگ کے اجلاس کاتھیم وکست بھارت 2047@ دیاگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کے چندر شیکھر راؤکے بشمول ملک کی چارریاستوں کے وزرائے اعلی‘ہفتہ کے روز دہلی میں منعقد شدنی نیتی آیوگ کے آٹھویں گورننگ کونسل کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
وزیر اعظم مودی کی زیرصدارت منعقدشدنی اس اجلاس میں تمام ریاستوں کے چیف منسٹرس‘ مرکزی زیر انتظام علاقوں کے لیفٹیننٹ گورنر س‘ بحیثیت ارکان کئی مرکزی وزراء شرکت کریں گے۔
ایک مراسلہ روانہ کرتے ہوئے مرکز نے اس بات پراصرار کیا تھا کہ وزیر اعظم کی صدارت میں منعقدشدنی اجلاس میں چیف منسٹرکے سواکسی کوبھی ریاست کی نمائندگی نہیں کرنی چاہئے۔کے سی آر کے بشمول ممتابنرجی‘اروندکجریوال اور بھگونت سنگھ نے بھی نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کااعلان کیاہے۔