سوشیل میڈیاشمالی بھارت

یوپی+ بہار = گئی مودی سرکار

نتیش کمار اور اکھلیش کی تصاویر کے ساتھ بیانر پر یوپی + بہار= گئی مودی سرکار لکھا ہے۔ بلیک اینڈ وائٹ بیانر پر نتیش کمار کے سبز انگوچھہ اور اکھلیش یادو کی سرخ ٹوپی کے صرف 2 رنگ استعمال کئے گئے۔

لکھنو: اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کی اپنی کوششوں کے تحت جنتادل یو قائد اور چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی سماج وادی پارٹی قائدین اکھلیش یادو اور ملائم سنگھ یادو سے ملاقات کے چند دن بعد لکھنو میں سماج وادی پارٹی دفتر میں ایک پوسٹر لگا ہے جس پر درج پیام نے لکھنو کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی ہے۔

نتیش کمار اور اکھلیش کی تصاویر کے ساتھ بیانر پر یوپی + بہار= گئی مودی سرکار لکھا ہے۔ بلیک اینڈ وائٹ بیانر پر نتیش کمار کے سبز انگوچھہ اور اکھلیش یادو کی سرخ ٹوپی کے صرف 2 رنگ استعمال کئے گئے۔

اترپردیش اور بہار سے لوک سبھا میں 120 ارکان ہیں۔ ان میں 80 کا تعلق یوپی سے اور 40کا بہار سے ہے۔ ان 2 ریاستوں میں بہتر مظاہرہ کرنے والی جماعت یا سیاسی محاذ دہلی میں حکومت تشکیل دینے کی پوزیشن میں ہوتا ہے۔ بیانر لگانے والے سماج وادی پارٹی قائد آئی پی سنگھ نے ہفتہ کے دن کہا کہ اترپردیش اور بہار ایسی پہل کی تاریخ رکھتے ہیں جس سے ملک کی سیاست کی سمت بدل سکتی ہے۔

اگر ان 2 ریاستوں نے تبدیلی کا فیصلہ کرلیا تو دوسروں کے لئے کچھ بھی باقی نہیں بچے گا۔ اگر ہم سیاسی نقشہ پر نظر ڈالیں تو بی جے پی کہیں بھی نہیں ہوگی۔ اترپردیش میں سماج وادی پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے نتیش کمار کے بی جے پی سے قطع تعلق اور آر جے ڈی سے ہاتھ ملانے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے۔

نتیش کمار اور سماج وادی پارٹی قائدین کی دہلی میں ملاقات کے چند دن بعد لگے اس پوسٹر نے لکھنو کے سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں تیز کردی ہیں۔ آئی پی سنگھ نے جو سماج وادی پارٹی کے ترجمان بھی ہیں‘ کہا کہ نہایت اہم بات یہ ہے کہ سماج وادی پارٹی‘ جنتادل یو‘ راشٹریہ جنتادل اور راشٹریہ لوک دل وہ جماعتیں ہیں جو سوشلسٹ آئیڈیالوجی کی حامل ہیں اور نیتاجی ملائم سنگھ یادو ان سبھی کے سرپرست ہیں۔

یہ سماج وادی پارٹی ہی تھی جس نے سابق میں آمریت کو اکھاڑ پھینکا تھا اور آئندہ دنوں میں سوشلسٹ ہی ہوں گے جو انقلاب کے ہیرو بنیں گے۔ اکھلیش یادو اور ملائم سنگھ یادو کے علاوہ نتیش کمار نے کانگریس قائد راہول گاندھی‘ سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری‘ سی پی آئی جنرل سکریٹری ڈی راجہ‘ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال‘ آئی این ایل ڈی سربراہ اوم پرکاش چوٹالہ اور این سی پی سربراہ شردپوار سے بھی ملاقات کی تھی۔ نتیش کمار نے کہا تھا کہ وہ تیسرا فرنٹ نہیں بلکہ مین فرنٹ بنانے کی سوچ رہے ہیں۔