حیدرآباد

امت کو خواب غفلت سے بیدارہونے مولانا سجاد نعمانی کی تلقین

ہندستان کے ممتازعالم دین ومفکر مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی ندوی نے واضح انداز میں کہا کہ پورے ملک میں بڑے پیمانہ پر مخالف بی جے پی مہم چل رہی ہے لیکن میڈیا کے کچھ گوشے عوام کو غلط باور کروانے کی کوشش کررہے ہیں کہ آئندہ انتخابات میں بی جے پی کامیاب ہوگی۔

حیدرآباد : ہندستان کے ممتازعالم دین ومفکر مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی ندوی نے واضح انداز میں کہا کہ پورے ملک میں بڑے پیمانہ پر مخالف بی جے پی مہم چل رہی ہے لیکن میڈیا کے کچھ گوشے عوام کو غلط باور کروانے کی کوشش کررہے ہیں کہ آئندہ انتخابات میں بی جے پی کامیاب ہوگی۔

میڈیا کے جھوٹے پروپگنڈہ سے کچھ ہونے والا نہیں ہے اور انشاء اللہ بی جے پی کو شکست فاش ہوکر رہے گی۔ مسجد اکبری اکبر باغ ملک پیٹ حیدرآباد میں آج نمازجمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی نے کہا کہ جن مسلمانوں کے پاس ووٹر آئی ڈی کارڈ نہیں ہیں وہ فوری بنوالیں ملک اس وقت انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے۔

وہ یہ بات بڑی ذمہ داری سے بتارہے ہیں کہ بی جے پی نے ایک خفیہ دستور تیار کرلیا ہے کہ انتخابات میں بی جے پی کو حکومت بنانے کیلئے جو عددی طاقت کی ضرورت ہے وہ اگر مل جائے تو مسلمانوں سے مذہبی آزادی چھین لی جائے گی ‘ حجاب پر پابندی عائد کردی جائے گی ‘ مدرسوں کو ختم کردیا جائے گا ‘ ہم سے ووٹ کا حق بھی چھین لیاجائے گا اور ایسے ہی کتنے ناپاک عزائم ہیں جس کو بی جے پی نے تیار کر رکھا ہے۔

پچھلے ایک مہینے سے بہت ساری ایجنسیوں نے حکومت کوخبر دی ہے کہ آپ الیکشن ہاررہے ہیں پورے ملک میں مختلف سماجی اکائیاں اور سوشیل یونیٹس متحد ومنظم ہوگئی ہیں اور بی جے پی جیسی فرقہ پرست جماعت کیخلاف کھڑی ہوگئی ہیں۔ مزدور’کسان‘اور بالخصوص جاٹ برادری جوشمالی ہندستان میں پھیلی ہوئی ہے ان لوگوں نے سو فیصد حلف اٹھالیا ہے کہ بی جے پی کو آنے نہیں دیں گے پنجاب ‘ ہریانہ ‘ راجھستان ‘ مہاراشڑا ‘ یوپی ‘ بہار اور بنگال وغیرہ اوردیگر ریاستوں میں عوام مکمل طورپر بی جے پی کے خلاف ووٹ دینے کا ذہن بنا چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ٹھاکر برادری کی پنچایتیں پورے ملک میں ہورہی ہیں۔ یوپی میں ٹھاکر برادری کی ہر پنچایت میں 50 ہزار سے زائد لوگ شریک ہورہے ہیں اور وہ بی جے پی کو شکست دینے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غافل اگر ہیں تو ہم ہی ہیں جتنے پڑھے لکھے ہیں اتنے ہی غافل ہیں۔ جتنے ریٹائرڈ آفیسرس ہیں وہ ایر کنڈیشنس میں بیٹھے ہیں۔

اللہ کے بندو اپنا کردار ادا کرو۔ انہوں نے کہاکہ الحمدللہ بی جے پی کو روکنا ممکن ہوگیا ہے بڑے بڑے تحقیقاتی اداروں کی رپورٹس آرہی ہیں کہ بی جے پی 200 سیٹوں سے آگے نہیں بڑھ سکتی‘ کوئی کہہ رہا ہے کہ 180 سیٹوں سے آگے نہیں بڑھ سکتی۔مولانانعمانی نے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کرتے ہوئے مزید کہا کہ مسلمانواجاگواجتماعی بیدارامت بنو‘ صورتحال انتہائی بگڑنے والی ہے۔

اس صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمارے پاس سب سے بڑی طاقت وقوت ووٹ کا صحیح اور لازمی استعمال ہے۔ نئے خفیہ دستور کا ڈرافٹ بہت ہی خطر ناک ہے اگر خدانخواستہ بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوجائے تو یہ ہمارے ملک میں اب ہونے والے انتخابات آخری انتخابات ہوسکتے ہیں کیونکہ ہم سے ووٹ ڈالنے کا اختیار چھین لیا جانے والا ہے۔ بی جے پی تین چوتھائی اکثریت حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے لیکن باشعور ہندو اور مسلمان اور دیگر اقوام مل کر اگر حالات کا مقابلہ کریں تو دہشت کاماحول پیدا کرنے والوں اور ملک وقوم کے دشمنوں کو ان کی اوقات دکھا سکتے ہیں مولانانعمانی نے کہا کہ مسلمان ووٹ ڈالنے کے اپنے بنیادی حق سے ہر گز ہرگز غفلت نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے عوام اس وقت جن مصائب ومشکلات اوربدترین حالات سے گزررہے ہیں اس بات سے سب ہی واقف ہیں لیکن چھ مہینے سے بموں کی آوازوں اور خوفناک صورتحال بھوک وپیاس اورہر دن معصوموں سے لیکر بزرگوں کی شہادت کے باوجود ان کے عزم واستقلال میں کوئی کمی نظر نہیں آتی ایسے ماحول کے باوجود 36 ہزار سے زائد لڑکیوں نے اپنے ایمان کو مزید مضبوط کیا ہے اور وہ حافظ قرآن بن گئی ہیں لیکن ہم اپنے ملک میں غفلت کی زندگی گزاررہے ہیں۔

ووٹ ڈالنے سے غفلت کرتے ہوئے ہم ملک دشمن طاقتوں کو مضبوط کرنے والے بنتے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے مسلمانو اپنے ایمان کی فکر کرو‘ ہمارے ملک میں یہاں کفرواسلام کا مقابلہ اب آخری اسٹیج میں پہنچ چکا ہے آپ کی داڑھی وکرتہ پاجامہ اس بات کی علامت نہیں کہ آپ ایمان والے ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ رائے دہی کے دن ہمارے نوجوان کرکٹ کھیلتے ہیں‘ اسے چھٹی کے دن کیطرح گزاردیتے ہیں ہونا تو یہ چاہئے کہ ہم رائے دہی پر بھر پور توجہ دیں۔ خواتین پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین رائے دہی کے دن ہرگز ہرگز غفلت نہ کریں۔

ہمارے گھروں کی عورتیں ‘ بہو ‘ بیٹیاں اگر ووٹ نہ ڈالیں گی تو وہ اللہ کے ہاں غفلت کے مجرم کہلائیں گے اور عورتیں و مرد رائے دہی میں حصہ نہ لیں تو یہی سمجھا جائے گا کہ ہم نے اپنے ملک کو 50 فیصدی طور پر دہشت گردوں کے حوالے کردیاہے۔ مولاناخلیل الرحمن سجاد نعمانی ندوی نے کہا کہ حیدرآباد سے زیادہ شادی خانے کہیں اور نظر نہیں آتے اور ہرشادی خانہ آباد ہے ہم پیسہ خرچ کرتے وقت معصوموں ‘ غریبوں ‘ یتیموں اور فلسطینیوں کو بھول جاتے ہیں۔(سلسلہ صفحہ 2پر)