سوشیل میڈیامذہب

برتھ کنٹرول کے آلات فروخت کرنا

اس خیال سے برتھ کنٹرول کی تدابیر اختیارکرنا کہ پیداہونے والے بچوں کے کھانے اور ضروریات کا کیا نظم ہوگا؟ جائز نہیں ؛ لیکن اگر عورت کی صحت پرورش کرنے کی صلاحیت۔

سوال:- زید ایک ملٹی نیشنل فارماکمپنی میں بہ طور سیلس آفیسر ملازمت کررہا ہے ، یہ کمپنی برتھ کنٹرول کے پروڈکس بناتی ہے، اور ہم مسلم وغیر مسلم ڈاکٹر س تک تجارتی نقطۂ نظر سے اسے پہنچانے اور متعارف کرانے کے ذمہ دار ہیں ،

سوال یہ ہے کہ کیا ہمارے لئے اس طرح کی ملازمت کرنا جائز ہوگا ، واضح ہو کہ ہمارے والدین اور تین بھائی ہیں، دو چھوٹے ہیں اور ایک بڑے ہیں ، جو فی الحال بے روز گار ہیں ،

یہ کمپنی بہت ہی اچھی ہے اور تنخواہ بھی اچھی ہے، تو اگر یہ ملازمت ناجائز ہو تو ہمیں فوری ملازمت چھوڑدینی چاہئے یا یہاں ملازم رہتے ہوئے کسی اور کمپنی میں ملازمت تلاش کرنی چاہئے ؟(مجیب الحق، ملک پیٹ)

جواب:- اس خیال سے برتھ کنٹرول کی تدابیر اختیارکرنا کہ پیداہونے والے بچوں کے کھانے اور ضروریات کا کیا نظم ہوگا؟ جائز نہیں ؛ لیکن اگر عورت کی صحت پرورش کرنے کی صلاحیت ،

پیداہونے والے بچے کی صحت اور پہلے سے موجود بچہ کے دودھ وغیرہ جیسے طبی مصالح کے تحت بچوں میں مناسب فصل رکھنے کے لئے دیندار مسلمان ڈاکٹر کے مشورہ سے برتھ کنٹرول کے وسائل اختیار کئے جائیں تو اس کی گنجائش ہے ،

پس چوںکہ ان آلات کے استعمال کی بعض جائز صورتیں بھی ہیں اور جائز مقاصد کے لئے بھی ان وسائل کا استعمال کیا جاسکتا ہے ؛ اس لئے آپ کی یہ ملازمت بالکل ناجائز اور حرام تو نہیں ؛

لیکن چوںکہ آج کل زیادہ تر معاشی تنگی کے خوف سے اس طرح کے وسائل استعمال کئے جاتے ہیں ؛ اس لئے ان کی خرید و فروخت کراہت سے خالی نہیں ہے ،

مناسب ہوگا کہ آپ کوئی دوسری ملازمت تلاش کریں اور جب تک کوئی دوسری ملازمت نہ مل جائے اس ملازمت کو جاری رکھیں اور نیت یہ ہو کہ ہم جائز مواقع میں استعمال کے لئے ان آلات کو فروخت کررہے ہیں ؛

بلکہ اگر ڈاکٹرس سے یہ کہہ دیا جائے کہ یہ برتھ کنٹرول کے لئے مؤثر اور بہتر ذریعہ ہے ؛ لیکن میں ذاتی طور پر آپ سے خواہش کرتاہوں کہ آپ اس کے استعمال کا مشورہ انہیں مریضوں کو دیں ، جن کو صحت کے نقطۂ نظر سے اس کے استعمال کی ضرورت ہو ، تو بہت بہتر ہے اور امید ہے کہ عند اللہ آپ اپنی ذمہ داری سے بری ہوجائیںگے ۔