تلنگانہ

برسر اقتدار آنے پر دھرانی پورٹل برخاست کیا جائے گا

راہول گاندھی نے آج نارائن پیٹ ضلع کے مکتھل سے بھارت جوڑویاترا دوبارہ شروع کی۔لنچ کے وقفہ میں راہول نے فارمرس اسوسی ایشن کے قائدین سے ان کے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔

حیدرآباد/ مکتھل: راہول گاندھی نے آج نارائن پیٹ ضلع کے مکتھل سے بھارت جوڑویاترا دوبارہ شروع کی۔لنچ کے وقفہ میں راہول نے فارمرس اسوسی ایشن کے قائدین سے ان کے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔

کسانوں نے ٹی آر ایس حکومت کے دھرانی پورٹل سے پیدا شدہ مسائل سے انہیں واقف کروایا اور کہا کہ دھرانی پورٹل سے کسانوں کے ان کی اراضیات سے متعلق مالکانہ حقوق کو حذف کردیا گیا ہے چنانچہ اس پورٹل کو برخاست کیا جانا چاہئے۔

کسانوں نے ان کی پیداوار پر اقل ترین قیمتوں کا تعین کرنے اورقرض کی معافی اور کراپ انشورنس سے متعلق بھی واقف کروایا۔ راہول گاندھی نے فارمرس اسوسی ایشن کے قائدین کو تیقن دیا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے برسر اقتدار آنے پر دھرانی پورٹل کو برخاست کروایا جائے گا۔

اس موقع پر صدر ٹی پی سی سی اے ریورنت ریڈی، سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکہ بھی موجود تھے۔نمائندہ منصف مکتھل کے مطابق قبل ازیں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا تین دن کے وقفہ کے بعد آج تلنگانہ کے ضلع نارائن پیٹ کے مکتھل کے مقام سے دوبارہ شروع۔

واضع رہے کہ 23 اکتوبر کی صبح راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کرناٹک سے تلنگانہ میں داخل ہوئی تھی دیوالی کے پیش نظر یاترا کو تین دنوں تک معطل کردیا گیا۔ جمعرات کی صبح 6 بجے سے بھارت جوڑو یاترا کی دوبارہ شروعات ہوئی اور موضع جکلیر کے پاس ناشتہ کے لئے تھوڑا سا وقفہ لیا گیا۔

بعد ازاں یہ یاترا موضع گڑیگنڈلہ کے پاس موجود کیمپ تک جاری رہی۔یاترا مکتھل سے ہوتی ہوئی مریکل پہونچی۔ یاترا کے دوران راہول گاندھی نے کلاکاروں کے ساتھ ڈھول بجایا۔

بھارت جوڑو یاترا میں تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر ریونت ریڈی، بھٹی وکرا مارکہ، اتم کمار ریڈی، وی سری ہری کے علاوہ کانگریس پارٹی کے اعلی قائدین شریک تھے۔یاترا کے دوران عوام کا بہتر ردعمل دیکھا گیا۔ عوام کو یاترا میں راہول گاندھی کے ساتھ سیلفی لیتے دیکھا گیا۔