حضرت عثمان غنیؓ کی مظلوم شہادت نے صبر و تحمّل کا معیار قائم کیا: قاری محمّدصدّیق صاحب، مسجد ایکمنارہ اکبری گیٹ لکھنؤ میں یوم عثمان غنیؓ جلسے کا انعقاد
ایکمنارہ مسجد اکبری گیٹ میں مرکزی جمعۃالحفّاظ کے دس روزہ تذکرۂ شہدائے کرام جلسوں کا تیسرا جلسہ یوم عثمان غنیؓ زیر سر پرستی استاذ الحفّاظ حافظ عبدالرّشید صاحب صدر مرکزی جمعۃالحفّاظ وامام مسجد ایکمنارہ وسیّد محمّد اقبال کے زیر انتظام منعقد ہوا۔
لکھنؤ: شہر کی تاریخی ایکمنارہ مسجد اکبری گیٹ میں مرکزی جمعۃالحفّاظ کی جانب سے ہونے والے دس روزہ تذکرۂ شہدائے کرام جلسوں کا تیسرا جلسہ یوم عثمان غنیؓ زیر سر پرستی استاذ الحفّاظ حافظ عبدالرّشید صاحب صدر مرکزی جمعۃالحفّاظ وامام مسجد ایکمنارہ وسیّد محمّد اقبال کے زیر انتظام منعقد ہوا۔
جلسہ کا آغاز مدرسہ عالیہ فرقانیہ کے قاری محمّد نعمان وقاری محمد یوشع کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جلسے کو خطاب کرتے ہوئے مولانا قاری محمد صدّیق صاحب نے کہا کہ جامع القرآن داماد رسولؐ خلیفۃ المسلمین کاتب وحی سیّدنا حضرت عثمان غنیؓ اتنے مالدار تھے کہ غنی ان کے نام کا حصّہ بن گیا تھا۔
عرب میں ان سے بڑا کوئ تاجر نہیں تھا۔ ان کا مکان مدینہ منورہ کی تمام عمارتوں سے ممتاز تھا لیکن انہوں نے دولت کو مقصد بنا کرسینے سے نہیں لگایا بلکہ جب سے انہوں نے محمّد الرّسول اللّہﷺ کے ہاتھ میں اپنا ہاتھ دیا اس وقت سے ان کی دولت اسلام کے لئے وقف ہوگئی۔
قاری صاحب موصوف نے کہا کہ حضرت عثمان ذوالنّورینؓ کے دروازے ہر وقت بیواؤں غریبوں اور یتیموں کے لئے کھلے رہتے تھے اور آپ کی رقم رفاہ عام میں خرچ ہوتی تھی۔ حضرت عثمان غنیؓ کو رسول اللہ نے کئی موقعوں پر جنّت کی بشارت دی۔
قاری محمّد صدّیق صاحب نے کہا کہ حضرت عثمان غنیؓ کی مظلوم شھادت نے صبر وتحمّل کا معیار قائم کیا قاری صاحب نے کہا کہ حضرت عثمان بن عفّانؓ کے گھر کا ہچالیس دن تک بلوائیوں نے محاصرہ کرکے 18 ذی الحجہ جمعہ کا دن روزہ کی حالت کلام اللّہ کی تلاوت میں مصروف ہیں، ظالموں نے بڑی بے دردی اور مظلومیت کے ساتھ شہید کیا۔ آپ کا خون قرآن پاک کے مقدّس اوراق پر گرتا ہے۔
کل میدان محشر میں خلیفۂ سوم حضرت عثمان غنیؓ کی شہادت ہکی گواہی اللّہ کا کلام دے گا۔ شاعر اسلام ثابت لکھنوی خلیل اختر شبّو محمّد عرشی نے نعت ومنقبت کا منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔
آخر میں مدرسہ عالیہ فرقانیہ کے طلبا نے عربی سلام پیش کیا۔ جلسے کا اختتام قاری محمّد صدّیق صاحب کی دعا پر ھوا۔ اراکین مرکزی جمعۃالحفّاظ اکبری گیٹ چوک لکھنؤ نے شکریہ ادا کیا۔