دہلی

دہلی میں آن لائن گیم چیاٹ کی مدد سے گمشدہ لڑکی بازیافت

باپ کا سل فون جسے لڑکی استعمال کیا کرتی تھی کی جانچ کرنے پر پتہ چلا کہ وہ راجستھان کے شخص وکرم چوہان کے ساتھ آن لائن ”فری فائر“ گیم کھیلا کرتی تھی۔ پولیس نے اس فون کی کال ریکارڈنگ کی جانچ کی۔

نئی دہلی: نئی دہلی کے چانکیہ پوری سے گمشدہ ایک 16 سالہ لڑکی کو اس کے خاندان سے ملانے میں دہلی پولیس کو آن لائن گیم چیاٹ سے مدد ملی۔

پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ 14 اگست کو شام تقریباً 5:30 بجے ایک خاتون نے چانکیہ پوری پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی کہ اس کی بیٹی لاپتہ ہے۔

شکایت ملنے پر پولیس کی جانب سے لڑکی کو تلاش کرنے ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ چوں کہ لڑکی کے ساتھ کوئی فون نہیں تھا اس لیے تکنیکی اعتبار سے اس کا پتہ چلانا مشکل تھا۔

اس کے باپ کا سل فون جسے لڑکی استعمال کیا کرتی تھی کی جانچ کرنے پر پتہ چلا کہ وہ راجستھان کے شخص وکرم چوہان کے ساتھ آن لائن ”فری فائر“ گیم کھیلا کرتی تھی۔ پولیس نے اس فون کی کال ریکارڈنگ کی جانچ کی۔

پولیس نے بتایا کہ اس کے ذریعہ پتہ چلا کہ لڑکی راجستھان کے رہائشی وکرم چوہان کے ساتھ ربط میں تھی۔ وکرم سے ربط کرنے پر اس نے بتایا کہ لڑکی کسی آٹو رکشہ ڈرائیور کے فون سے اس کوکال کی تھی۔ اس نے چوہان کو بتایا تھا کہ وہ سروجنی نگر میں واقع رام نگر مندر کے پاس ہے۔

پولیس ٹیم کو وہاں بھیجا گیا، تاہم وہ وہاں نہیں پائی گئی۔ آٹو ڈرائیور کے فون کا پتہ چلاکر لڑکی گردوارہ بنگلہ صاحب کے پاس موجود ہونے کا علم ہوا اور وہ وہاں پائی گئی۔

لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ اس کو اپنی ماں سے بعض مسائل پر برہمی تھی، اس لیے وہ گھر سے چلی گئی۔ بنگلہ صاحب گردوارہ کے ایک سیوا دار کا فون لے کر اس نے دوبارہ اپنے دوست کو کال کی تھی۔ پولیس نے لڑکی کو اپنے قبضہ میں لے کر والدین کے حوالے کیا۔