بھارت

یوپی میں یوگی آدتیہ ناتھ کا اقتدار رہے گا برقرار۔ سی ووٹر کی پیش قیاسی

عوامی رائے کے مطابق بی جے پی کے یوگی آدتیہ ناتھ اترپردیش میں 40.4 فیصد ووٹ حاصل کرتے ہوئے چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے ترجیحی پسند ہیں۔

جھلکیاں
  • اے بی پی نیوز سی ووٹر کا چناوی موڈ سروے جاری۔
  • پنجاب اور گوا میں عام آدمی پارٹی کا اثر بڑھ رہا ہے۔
  • اترکھنڈ، منی پور اور گوا میں بھی بی جے پی کا بہتر موقف۔
  • کانگریس کے کمزور مظاہرہ کی پیش قیاسی۔

نوئیڈا:3/ستمبر(منصف نیوز بیورو) پانچ ریاستوں اترپردیش، پنجاب، اترکھنڈ، منی پور اور گوا میں اسمبلی انتخابات سے 6 ماہ قبل اے بی پی نیوز نے اپنے ریسرچ پارٹنر سی ووٹر کے اشتراک سے چناوی موڈ اوپینین پول کا پہلا مرحلہ مکمل کیا ہے۔ یہ جامع پول انتخابات سے قبل ان ریاستوں کے سیاسی ماحول کو سمجھنے میں معاون ہے۔

عوامی رائے کے مطابق بی جے پی کے یوگی آدتیہ ناتھ اترپردیش میں 40.4 فیصد ووٹ حاصل کرتے ہوئے چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے ترجیحی پسند ہیں جبکہ عام آدمی پارٹی کے اروند کجریوال 21.6 فیصد ووٹ شیئر کے ساتھ پنجاب میں چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے پسندیدہ ہیں۔

اترکھنڈ میں کانگریس کے ہریش راوت کو 30.6 فیصد ووٹ شیئر کے ساتھ لوگوں نے چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے ترجیح دی ہے۔ اسی طرح بی جے پی کے پرمود ساونت گوا کے لوگوں کی پسند ہیں اور ان کی پارٹی کا ووٹ شیئر 33.2 فیصد ہے۔

سب سے زیادہ اسمبلی نشستیں ہونے کے ناطہ اترپردیش ہمیشہ ہی ملک کے انتخابی سیزن میں بہت زیادہ توجہ کا مرکز رہا ہے اور اس ریاست میں انتخابی امکانات کے بارے میں بہت زیادہ پیش قیاسیاں کی جاتی رہی ہیں جبکہ زرعی قوانین کی وجہ سے پنجاب میں حالیہ تبدیلیاں مقامی انتخاب کیلئے گیم چینجر ثابت ہوں گے اور ان تبدیلیوں کی وجہ سے انتخابات کو مزید توجہ حاصل ہوگئی ہے۔

سی ووٹر سروے نے انکشاف کیا ہے کہ عوامی رائے کے مطابق اترپردیش میں بی جے پی 41.8 فیصد ووٹ شیئر (259 تا267 نشستوں) کے ساتھ بی جے پی سب سے آگے ہے جبکہ سماج وادی پارٹی 30.2 فیصد ووٹ شیئر (109 تا117 نشستوں) کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اسی طرح بی ایس پی کو اس سروے میں 15.7 (12 تا16 نشستوں) کے ساتھ تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔

مذکورہ  اخذ کردہ نتائج 18 سال سے زائد عمر بشمول امکانی ووٹرس کے درمیان یکم اگست 2021 تا2ستمبر 2021 کرائے گئے سی ووٹر ڈیلی ٹریکنگ پر مبنی ہیں۔ جہاں تک طریقہ کار اور سروے کی تفصیلات کا تعلق ہے، اس سلسلہ میں پانچ ریاستوں میں تقریباً 81 ہزار سے زائد افراد تک رسائی حاصل کرتے ہوئے سی اے ٹی آئی (ٹیلی فونک سروے) کرایا گیا ہے۔