دہلی

فرضی جاب ریاکٹ بے نقاب، 3افراد گرفتار

تین افراد کی گرفتاری کے ساتھ ہی دہلی پولیس نے جمعہ کے روز ایک جعلی پلیسمنٹ ایجنسی کوبے نقاب کرنے کا دعویٰ کیاہے جس نے زائداز100افراد کو بیرونی ممالک میں ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے دھوکہ دیاہے۔

نئی دہلی: تین افراد کی گرفتاری کے ساتھ ہی دہلی پولیس نے جمعہ کے روز ایک جعلی پلیسمنٹ ایجنسی کوبے نقاب کرنے کا دعویٰ کیاہے جس نے زائداز100افراد کو بیرونی ممالک میں ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے دھوکہ دیاہے۔

متعلقہ خبریں
ملازمت دلانے کا جھانسہ، ملزم گرفتار
دہلی پولیس کی کارروائی کے خلاف کانگریس ہائیکورٹ سے رجوع
نیوز کلک کیس، دہلی پولیس کی چارج شیٹ
جعلی ویزا کیس میں بنگلورو ایرپورٹ سے ایک شخص گرفتار
درگاہ نظام الدین کے قریب غیرمجاز تعمیرات روک دینے کی ہدایت

ایک عہدیدار نے بتایاکہ انہوں نے متاثرین کے 68 ہندوستانی پاسپورٹ، چینی کمپنی کے فرضی جاب آفرلیٹرس اورفرضی ایر ٹکٹس کی نقول ملزمین کے قبضہ سے برآمد کی ہیں۔ ملزمین کی سہیل نجم‘ پرویزعالم اورافروزعالم کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے جو دہلی کے ساکن ہیں۔

پولیس کے مطابق3اپریل کو دلاورسنگھ نے سریتاوہار پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کرائی تھی جس میں اس نے الزام عائد کیاتھاکہ اے آر انٹرپرائزس کے مالک نے اسے ترکیہ اور ایتھوپیامیں ملازمت فراہم کرنے کے بہانے دھوکہ دیاہے۔ اس نے ملزمین کوملازمت کے حصول کے لئے ایک لاکھ روپے آن لائن طریقہ سے اورنقد کی شکل میں اداکئے تھے۔

اس کے عوض انہوں نے شکایت گزارکوای ویزا، جاب آفر لیٹر اورفضائی ٹکٹ فراہم کیاجوفرضی پائے گئے۔ رقم وصول کرنے کے بعدملزمین نے شکایت گزار کا فون اٹھانا بھی بندکردیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس (ساؤتھ ایسٹ) راجیش ڈیونے یہ بات بتائی۔ دوران تحقیقات اورتکنیکی نگرانی کی بنیاد پر پولیس ٹیم نے سہیل نجم کوپکڑنے میں کامیابی حاصل کی۔

اس نے اپنے جرم کااقبال کرلیا اوراس کی اطلاع پر افروز اورپرویزکوان کی رہائش گاہوں سے پکڑا گیا۔ پوچھ تاچھ پر ملزمین نے انکشاف کیاکہ انہوں نے100سے زائد متلاشیان ملازمت کو دھوکہ دیاہے۔ سہیل نے بتایاکہ انہوں نے ملازمت کے خواہشمندوں کودھوکہ دینے اے آر انٹرپرائزس کے نام سے ایک فرضی ویب سائٹ بنائی۔

وہ لوگ سوشل میڈیاکے ذریعہ تشہیرکیاکرتے تھے اوربھولے بھالے افراد کوترکیہ اورایتھوپیامیں اونچی تنخواہوں والی ملازمت دلانے کے نام پر دھوکہ دیاکرتے تھے۔ رقم وصول کرنے کے بعد وہ لوگ متاثرین کوفرضی جاب آفرلیٹرس بھیجاکرتے تھے اور ان کے پاسپورٹس اپنے پاس رکھ لیاکرتے تھے۔

دھوکہ دہی سے حاصل کی گئی رقم اے آر انٹرپرائزس کے بینک کھاتہ میں رکھی جاتی تھی۔ عہدیدارنے بتایاکہ بینک کھاتہ کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں اورایک اندازہ کے مطابق50 تا60لاکھ روپے پائے گئے ہیں۔ اس اکاؤنٹ کومنجمدکردیاگیاہے۔