حیدرآباد

مرکزی حکومت، فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے: ہریش راؤ

ہریش راؤ نے کہاکہ مرکزی حکومت فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے اور ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعہ اپوزیشن کی ریاستی حکومتوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور جمہوری طور پر منتخب اپوزیشن کی حکومتوں کو گرارہی ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت عامہ و بہبود خاندان ٹی ہریش راؤ نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی جے پی، مذہب وذات کی اساس پر عوام کو منقسم کررہی ہے۔

فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے اور ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعہ اپوزیشن کی ریاستی حکومتوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور جمہوری طور پر منتخب اپوزیشن کی حکومتوں کو گرارہی ہے۔ شہر کے ایم این  جے کینسر ہاسپٹل میں عصری کچن اور دھوبی گھاٹ کے افتتاح کے بعد ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ بی جے پی نے اب تک8ریاستوں میں جمہوری  طور پر منتخب اپوزیشن کی حکومتوں کو ختم کردیا ہے۔

مہاراشٹرا، بہار، دہلی اور جھارکھنڈ میں بی جے پی کے حقیقی رول کو سب نے دیکھا ہے۔ بی جے پی، اپوزیشن کو ملک سے ختم کرنے کے منصوبہ پر کام کررہی ہے۔ راؤ نے کہا کہ پارٹی سے جو کوئی بھی سوال کرتاہے، اس پر ای ڈی، سی بی آئی کے دھاوے کرائے جارہے ہیں۔

منصوبہ کے مطابق مرکز کی بی جے پی حکومت، ملک اور ریاستوں میں مذہبی اختلافات کو ہوا دینے کی سازش رچنے میں ملوث ہے۔ ہریش راؤ نے مزید کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت، تلنگانہ سے گذر نے والی دو اہم دریاؤں میں پانی کا بہاؤ دیکھنا چاہتی ہے تاہم بی جے پی، مذہبی اور فرقہ وارانہ فساد کے ذریعہ بہتا خون دیکھنا چاہتی ہے۔

کے چندر شیکھر راؤ نے چیف منسٹری کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے فوری بعد ریاست میں زیرالتواء پراجکٹوں کی تکمیل کا بیڑا اٹھایا جس کا مقصد  ہر ایک ایکراراضی کو سیراب کرنا تھا۔

ہریش راؤ نے کہا کہ وعدہ کے مطابق مرکز، 2کروڑ نوکریوں کی تخلیق کرنے میں ناکام رہا، جبکہ ریاستی حکومت نے 2لاکھ افراد کو نوکریاں فراہم کی ہیں۔ بی جے پی فلاح وبہبود اسکیمات کے خلاف ہے جبکہ وہ صنعتی گھرانوں اور کارپوریٹ اداروں کا ٹیکس معاف کرنے کی حامی ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو معلوم ہے کہ کون اچھا کام کررہا ہے اور کون خراب کررہا ہے۔