حیدرآبادسوشیل میڈیا

مسلمانوں کو نشانہ بناکر سروے کیا جارہا ہے:اسدالدین اویسی

چیف منسٹر اترکھنڈ پشکرسنگھ دھامی کے آج دیئے گئے اس بیان پرکہ ریاست میں دینی مدارس کا سروے ضروری ہے، سخت تنقیدکرتے ہوئے اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسدالدین اویسی نے کہاہے کہ یہ”نشانہ بناکر کئے جانے والے سروے“ اور”غلط“ ہیں۔

حیدرآباد: چیف منسٹر اترکھنڈ پشکرسنگھ دھامی کے آج دیئے گئے اس بیان پرکہ ریاست میں دینی مدارس کا سروے ضروری ہے، سخت تنقیدکرتے ہوئے اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسدالدین اویسی نے کہاہے کہ یہ”نشانہ بناکر کئے جانے والے سروے“ اور”غلط“ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ یہ مسلمانوں کونشانہ بناکر کیاجانے والا سروے ہے۔ خانگی اسکولوں، مشنری اسکولوں، سرکاری اسکولوں، آرایس ایس اسکولوں کا سروے کیاجاناچاہئے۔ غیرامدادی مدارس کونشانہ بناکر سروے کیاجارہاہے جو غلط ہے۔

دونوں ریاستی حکومتوں (اترپردیش اوراترکھنڈ) کے فیصلہ سے ایک سیاسی تنازعہ پیداہوگیاہے اوراپوزیشن نے حکمراں بی جے پی کولعن طعن کانشانہ بنایاہے اورالزام لگایاہے کہ اس اقدام کامقصد مسلمانوں کوہراساں کرناہے۔

واضح رہے کہ حکومت اترپردیش نے بھی حال ہی میں ریاست میں غیرمسلمہ دینی مدارس کا سروے کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ اساتذہ، نصابی تعلیم اوروہاں دستیاب بنیادی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں۔ اتر پردیش میں یہ کام شروع ہوچکاہے۔

اویسی نے قبل ازیں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کونشانہ تنقیدبناتے ہوئے کہاتھاکہ اسے دینی مدارس کے کام کاج میں مداخلت کاکوئی حق حاصل نہیں ہے کیونکہ یہ خانگی زیرانتظام ادارے ہیں۔ انہوں نے اس سروے کومنی این آرسی قراردیا تھا۔