تلنگانہ

نیشنل ہیلت مشن کے تحت تلنگانہ کو 5 ہزار کروڑ جاری: کشن ریڈی

مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہاکہ وزیر اعظم نریندرمودی، طبی خدمات تک تلنگانہ عوام کی رسائی کو یقینی بنانے کیلئے دن کے 24 گھنٹے کام کررہے ہیں۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہاکہ وزیر اعظم نریندرمودی، طبی خدمات تک تلنگانہ عوام کی رسائی کو یقینی بنانے کیلئے دن کے 24 گھنٹے کام کررہے ہیں۔

اتوار کے روز ایک پریس ریلیز میں کشن ریڈی نے کہاکہ مرکزی حکومت نے نیشنل ہیلت مشن (این ایچ ایم) کے تحت تلنگانہ کو سال 2014 سے اب تک 5550 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں اور ریاست تلنگانہ میں 175 پردھان منتری جن آوشدھی کیندراس میں 50 سے 80 فیصد ڈسکاؤنٹ پر دوائیں مہیا کرائی جارہی ہیں۔

نیشنل ہیلت مشن کے ذریعہ ریاست میں 225 پرائمری ہیلت سنٹرس، 10 کمیونٹی ہیلت سنٹرس، 636 پرائمری ہیلت سنٹرس اور 85 کمیونٹی ہیلت سنٹرس میں عوام کو ضروری طبی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔

گزشتہ 3 برسوں کے دوران ریاست میں ٹی بی کے خاتمہ کیلئے 146 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔اس طرح فلورائیڈ کے متاثرہ 1041 مواضعات ہیں فلورسس کے مسئلہ کے خاتمہ اور ان گاؤں کے عوام کو نیشنل واٹر کوالٹی سب مشن کے تحت محفوظ پانی سربراہ کیاجارہا ہے۔

علاوہ ازیں کووڈ۔ 19 میں مرحلہ دوم کے تحت ایمرجنسی کووڈ ریسپانس پیاکیج کے تحت تلنگانہ کو 300 کروڑ روپئے فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ مئی 2021 میں آیوشمان بھارت اسکیم میں تلنگانہ کی شمولیت کے بعد ریاست کو 150 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ اس اسکیم سے مختصرعرصہ میں ریاست کے 5.86 لاکھ عوام نے استفادہ کیا ہے۔