دہلی

یکساں سیول کوڈ کے مسئلہ پر سڑکوں پر احتجاج نہیں کیا جائے گا: جمعیۃ العلماء ہند

آئندہ سال مقرر لوک سبھا انتخابات سے قبل یکساں سیول کوڈ (یو سی سی) کے امکانی نفاذ پر شور و غل کے درمیان جمعیۃ العلماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے اتوار کے روز کہا کہ وہ لوگ یونیفارم سیول کوڈ کی مخالفت تو کریں گے لیکن سڑکوں پر نہیں اتریں گے۔

نئی دہلی: آئندہ سال مقرر لوک سبھا انتخابات سے قبل یکساں سیول کوڈ (یو سی سی) کے امکانی نفاذ پر شور و غل کے درمیان جمعیۃ العلماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے اتوار کے روز کہا کہ وہ لوگ یونیفارم سیول کوڈ کی مخالفت تو کریں گے لیکن سڑکوں پر نہیں اتریں گے۔

انھوں نے کہا کہ جمعیۃ کے پاس اس کے اپنے پرسنل لاز ہیں اور وہ لوگ اس پر عمل پیرا رہیں گے۔ یکساں سیول کوڈ کے مسئلہ پر سڑکوں پر نہیں اتریں گے۔

مولانا مدنی نے اخبار ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ ہمارے پاس گزشتہ 1300 سال سے ہمارے اپنے پرسنل لاز ہیں۔ ہم ان پر عمل پیرا رہیں گے۔ یکساں سیول کوڈ کے مسئلہ پر احتجاج کرنے ہم سڑکوں پر اترنا پسند نہیں کریں گے۔ آزادی کے بعد سے کسی بھی حکومت نے ایسا نہیں کیا اور ہمارا ماننا ہے کہ اس کی ضرورت بھی نہیں ہے۔

جتنے زیادہ احتجاج ہوں گے، ہندو اور مسلمان اتنے ہی دور ہوں گے اور برے عزائم رکھنے والوں کے مشن کی تکمیل ہوگی۔ قبل ازیں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) نے کہا تھا کہ یکساں سیول کوڈ غیرضروری، غیرعملی اور ملک کے لیے انتہائی نقصاندہ ہے۔

بورڈ کا یہ احساس ہے کہ وہ اس بات کا اعادہ کرے کہ مسلم پرسنل لا قرآن و سنت سے لیا گیا ہے اور اسی لیے مسلمانوں کو اس میں کسی بھی تبدیلی کی اجازت نہیں ہے، لہٰذا حکومت یا کوئی بھی بیرونی ذریعہ کو جو ان قوانین میں تبدیلی لانے کی کوشش کررہا ہے، معلوم ہونا چاہیے کہ اس کی وجہ سے سوسائٹی میں مزید بدنظمی اور افراتفری پیدا ہوگی اور کوئی بھی باشعور حکومت ایسا نہیں چاہتی۔