اسرائیلی فضائی حملوں میں لبنان کے 7 ریسکیو اہلکاروں کی موت
اسرائیل کی جانب سے لبنان پر کیے گئے تازہ فضائی حملوں میں ریسکیو عملے کے 7 ارکان جاں بحق ہو گئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مرنے والوں کی مجموعی تعداد 34 تک پہنچ گئی۔
بیروت: اسرائیل کی جانب سے لبنان پر کیے گئے تازہ فضائی حملوں میں ریسکیو عملے کے 7 ارکان جاں بحق ہو گئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مرنے والوں کی مجموعی تعداد 34 تک پہنچ گئی۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان اور بیروت کے مختلف علاقوں میں حزب اللّٰہ کے مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں متعدد عمارتیں تباہ ہوئیں جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان میں حزب اللّٰہ کے خلاف فضائی کارروائیاں مزید بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل حزب اللّٰہ کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا اور سکیورٹی خطرات کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بیروت کے متعدد علاقوں کے رہائشیوں کو فوری انخلا کا الٹی میٹم جاری کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام نے ان علاقوں میں ممکنہ فضائی حملوں سے قبل شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایات دی ہیں۔