بی آر ایس کے 4ارکان اسمبلی کے خلاف افواہوں کی مذمت
ضلع میدک کے بی آر ایس کے4 اراکین اسمبلی سنیتا لکشما ریڈی، پربھاکر ریڈی، مہیپال ریڈی اور مانک راؤ کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات نے سیاسی حلقوں میں طوفان مچا دیا ہے۔

حیدرآباد: ضلع میدک کے بی آر ایس کے4 اراکین اسمبلی سنیتا لکشما ریڈی، پربھاکر ریڈی، مہیپال ریڈی اور مانک راؤ کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات نے سیاسی حلقوں میں طوفان مچا دیا ہے۔
سیاسی حلقوں میں افواہیں زیر گشت ہیں کہ چار ایم ایل ایز بہت جلد پارٹی وفاداری تبدیل کرنے والے ہیں۔
بی آر ایس پارٹی نے ان افواہوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان اراکین اسمبلی نے پروٹوکول طریقہ کار پر عمل آوری اور اپنے اپنے حلقوں کی ترقی کیلئے فنڈس کی اجرائی کو یقینی بنانے کیلئے چیف منسٹر سے ملاقات کی تھی۔
پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ میدک بی آر ایس کا مضبوط قلعہ ہے جہاں سے 10میں سے7 اسمبلی حلقوں پر بی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی تھی اور عنقریب منعقد شدنی پارلیمنٹ انتخابات میں حلقہ میدک سے پھر ایک بار بی آ رایس کا پرچم لہرائے گا۔
ضلع کے پارٹی قائدین نے بتایا کہ چاروں اراکین اسمبلی کو کے سی آر اور کے ٹی آر کی قیادت پر مکمل بھروسہ ہے اور پارٹی کو ان پر بھروسہ ہے اور اس طرح کی منفی خبروں پر ردعمل ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔