علاج کے نام پر لڑکی سے زبردستی دست درازی کا واقعہ، بہادرپورہ کی مندر کا پجاری گرفتار
لڑکی نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے زور زور سے چیخ کر اپنے والدین کو صورتحال سے آگاہ کردیا۔ لڑکی کی چیخوں کو سن کر والدین فوری طور پر کمرے میں پہنچے اور لڑکی سے واقعہ کی تفصیلات سن کر پولیس کو مطلع کیا۔

حیدرآباد: بہادرپورہ علاقہ میں ایک دل دہلادینے والا واقعہ پیش آیا جہاں پوجا کے نام پر ایک لڑکی کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب والدین نے مقامی مندر کے پجاری سے پوجا کروانے کا فیصلہ کیا۔ پوجا کے دوران پجاری نے والدین کو باہر بھیج کر لڑکی کو کمرہ کے اندر تنہا لے جاکر ناجائز فائدہ اُٹھاتے ہوئے اس کے ساتھ دست درازی کی۔
لڑکی نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے زور زور سے چیخ کر اپنے والدین کو صورتحال سے آگاہ کردیا۔ لڑکی کی چیخوں کو سن کر والدین فوری طور پر کمرے میں پہنچے اور لڑکی سے واقعہ کی تفصیلات سن کر پولیس کو مطلع کیا۔
پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوراً کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر پجاری کو گرفتار کر لیا۔ پجاری کی شناخت 58 سالہ رام کشور جوشی کی حیثیت سے کی گئی جو راجستھان سے تعلق رکھتا ہے۔ پجاری خلاف لڑکی کے والدین کی شکایت پر سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ لڑکی اور اس کے والدین کو پولیس کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ اس واقعہ نے علاقہ میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ عوام نے اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور ملزم کے خلاف سخت سزا کا مطالبہ کیا ہے۔