چیف منسٹر اے پی کی والدہ حادثہ میں بال بال بچ گئیں
وجیہ اماں، اپنے آنجہانی شوہر وسابق چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی کے فیملی (خاندانی) دوست سے ملاقات کیلئے کرنول میں تھیں۔ جب وہ ٹاؤن سے واپس ہورہی تھیں تب ان کی کار کا جس میں وہ سوار تھیں، ایک ٹائر پھٹ پڑا۔وہ بال بال بچ گئیں۔

امراوتی: آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی والدہ وائی ایس وجیہ اماں، جمعرات کے روز کرنول ٹاؤن میں ایک حادثہ میں بال بال بچ گئیں۔ سابق رکن اسمبلی وجیہ اماں، اپنے آنجہانی شوہر وسابق چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی کے فیملی (خاندانی) دوست سے ملاقات کیلئے کرنول میں تھیں۔
جب وہ ٹاؤن سے واپس ہورہی تھیں تب ان کی کار کا جس میں وہ سوار تھیں، ایک ٹائر پھٹ پڑا۔ یہ واقعہ گتی روڈ پر پیش آیا۔ وجیہ اماں کے کرشماتی طور پر بچ جانے پر ان کے ساتھ سفر میں موجود دیگر افراد نے راحت کی سانس لی۔ بعدازاں انہوں نے دوسری کار کے ذریعہ اپنے سفر کو جاری رکھا۔
گذشتہ ماہ، وجیہ اماں نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے اعزازی صدر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ پارٹی کے پریلمنری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ انہیں، اپنی دختر وائی ایس شرمیلا کا ساتھ دینا ضروری ہے۔ شرمیلا نے پڑوسی ریاست تلنگانہ میں نئی سیاسی جماعت تشکیل دی ہے۔