تلنگانہ کے کالج میں طالبہ کے ساتھ عجیب و غریب سزا، دو عہدیداروں پر کارروائی (ویڈیو)
تلنگانہ کے ضلع میدک کے نرساپور میں واقع قبائلی بہبود کے سرکاری رہائشی جونیئر کالج میں ایک طالبہ کو سزا کے طور پر پودے کے پتے کھانے پر مجبور کرنے کے معاملے میں خاتون ٹیچر اور کالج کی پرنسپل کو معطل کردیا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ کلاس روم میں زیادہ باتیں کرنے پر ٹیچر نے طالبہ کو کالج کے احاطے میں موجود ایک پودے کے پتے کھانے پر مجبور کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد طالبہ کی طبیعت خراب ہوگئی، جس کے بعد اس کے والدین نے متعلقہ حکام سے شکایت کی۔
تفصیلات کے مطابق، یہ واقعہ کچھ عرصہ قبل پیش آیا تھا۔ ڈی سری لتھا نامی ٹیچر نے مبینہ طور پر کلاس میں باتیں کرنے پر طالبہ کو پودے کے پتے کھانے کی سزا دی۔ پتے کھانے کے بعد طالبہ کی طبیعت بگڑ گئی۔
واقعے کا علم ہونے پر طالبہ کے والدین نے جمعرات کے روز ضلع میدک کی کلکٹر پرتھیما سنگھ سے شکایت کی اور ٹیچر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
شکایت موصول ہونے کے بعد ضلع کلکٹر نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا۔ ابتدائی جانچ کے بعد ٹیچر ڈی سری لتھا اور کالج کی پرنسپل رَجنی کو معطل کردیا گیا۔ پرنسپل کے خلاف اپنے فرائض کی انجام دہی میں مبینہ غفلت برتنے کے الزام میں بھی کارروائی کی گئی ہے۔ حکام اس معاملے کی مزید جانچ کررہے ہیں۔