سوشیل میڈیا

تین سالہ لڑکے نے ماں کیخلاف پولیس میں شکایت درج کی (وائرل ویڈیو)

پولیس پوسٹ میں سب انسپکٹر پرینکا نائک سے اپنی ماں کی شکایت کررہا ہے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا۔ اس ویڈیو کلپ میں لڑکے کو یہ شکایت کرتے ہوئے دیکھا گیا کہ اس کی ماں نے اس کی ٹافیاں چرا لی ہیں۔

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے ایک تین سالہ لڑکے سائیکل اور چاکلیٹس کا تحفہ دیا ہے، جو اپنی ماں کے خلاف شکایت کرنے کے لیے اپنے والد کے ساتھ برہان پور میں ایک پولیس اسٹیشن گیا تھا۔

 پولیس نے کل یہ تحائف لڑکے تک پہنچائے، جس کے بعد لیے گئے ایک ویڈیو میں اسے پولیس ملازمین اور اپنے ارکانِ خاندان کی موجودگی میں خوشی خوشی سائیکل چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔ ریاستی محکمہ داخلہ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر یہ ویڈیو پیش کیا ہے۔

 قبل ازیں اتوار کے روز ایک ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ لڑکا برہان پور میں دیر تلائی پولیس پوسٹ میں سب انسپکٹر پرینکا نائک سے اپنی ماں کی شکایت کررہا ہے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا۔ اس ویڈیو کلپ میں لڑکے کو یہ شکایت کرتے ہوئے دیکھا گیا کہ اس کی ماں نے اس کی ٹافیاں چرا لی ہیں۔

پولیس عہدیدار نے جب لڑکے سے کہا کہ وہ اپنی شکایت پر دستخط کرے تو اس نے کاغذ پر چند لکیریں کھینچ دی تھیں۔ لڑکے کے والد نے کہا کہ نہانے کے بعد جب اس کی ماں نے لڑکے کی پیشانی پر کالا ٹیکہ لگانا چاہا تو اس نے ایسا کرنے نہیں دیا، جس پر ماں نے اسے ڈانٹ پلائی تھی۔ بعد ازاں لڑکا پولیس میں شکایت کرنے پر اصرار کرنے لگا۔

یہ ویڈیوکلپ وائرل ہوگیا تھا۔ مشرا نے منگل کے روز ایک ویڈیو کال کرتے ہوئے لڑکے سے جاننا چاہا تھا کہ وہ کیا چاہتا ہے۔ انہوں نے چاکلیٹ اور سائیکل کا تحفہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔

بعد ازاں چند پولیس ملازمین نے یہ اشیاء لڑکے تک پہنچائیں اور اسے بتایا کہ وزیر داخلہ نے اس کے لیے یہ تحفہ بھیجا ہے۔