دہلی

ایئر انڈیا کی پرواز شدید ٹربولینس کا شکار، 12 مسافر و عملہ زخمی

ذرائع نے بتایا کہ حادثہ لینڈنگ سے پہلے اس وقت پیش آیا جب طیارہ لینڈنگ کے لیے نیچے آ رہا تھا

نئی دہلی :   ایئر انڈیا کی پھوکیت سے دہلی آ رہی پرواز کو منگل کے روز ہوا میں ٹربولینس کا سامنا کرنا پڑا جس سے طیارے میں سوار 12 افراد زخمی ہو گئے

 ایئر انڈیا کے ایک ترجمان نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پرواز نمبر اے آئی 2379 کو منگل کے روز پھوکیت سے دہلی آتے وقت ہوا میں ہلکے ٹربولینس (ہوا میں لگنے والے جھٹکے) کا سامنا کرنا پڑا جس سے طیارہ اچانک ہوا میں کچھ نیچے آ گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ حادثہ لینڈنگ سے پہلے اس وقت پیش آیا جب طیارہ لینڈنگ کے لیے نیچے آ رہا تھا۔ ٹربولینس کے باعث طیارہ لمحہ بھر کے لیے بے قابو ہو کر نیچے آ گیا۔ حادثہ میں 10 مسافر اور دو کیبن کرو زخمی ہو گئے ہیں۔ طیارے کی دن میں 11:07 بجے دہلی میں لینڈنگ ہوئی۔

ترجمان نے بتایا کہ طیارے کی دہلی میں محفوظ لینڈنگ ہوئی۔ کسی مسافر کو شدید چوٹ نہیں آئی ہے۔ مسافروں اور عملے کے ارکان کو محفوظ طریقے سے طیارے سے اتار لیا گیا ہے۔ بیان میں "کچھ مسافروں اور عملے کے ارکان کو چوٹیں” آنے کی بات کہی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ انہیں ہوائی اڈے پر ہی طبی سہولت مرکز لے جایا گیا ہے۔