حیدرآباد

حیدرآباد میں ایچ-فاسٹ کی کارروائی، 25 ٹن سے زائد ملاوٹی مصالحے ضبط، تین گرفتار

عوامی شکایات موصول ہونے کے بعد مصالحوں کی تجارت اور پروسیسنگ سے وابستہ 13 یونٹوں کی جانچ کی گئی۔

حیدرآباد :   تلنگانہ میں حیدرآباد فوڈ ایڈلٹریشن سرویلنس ٹیم (ایچ-فاسٹ) نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے فوڈ سیفٹی محکمہ کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مصالحہ جات کی تجارت اور پروسیسنگ یونٹوں پر چھاپے مار کر 25 ٹن سے زائد ملاوٹی مصالحے ضبط کر لیے اور تین افراد کو گرفتار کر لیا۔

حیدرآباد کے پولیس کمشنر وی۔ سی۔ سجنار نے منگل کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ عوامی شکایات موصول ہونے کے بعد مصالحوں کی تجارت اور پروسیسنگ سے وابستہ 13 یونٹوں کی جانچ کی گئی۔ اس سلسلے میں میلاردیو پلی اور بالاپور پولیس تھانوں میں تین فوجداری مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان کی شناخت راہول بھاٹی، وشال پنوار اور دولی چند کچھاور کے طور پر ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جانچ کے دوران زیرہ، اجوائن، سرسوں، لونگ اور شاہ زیرہ جیسے مصالحوں میں ملاوٹ پائی گئی۔ ان کا رنگ اور وزن بڑھانے کے لیے صنعتی رنگ، مصنوعی رنگ، ٹیلکم پاؤڈر، رائس بران آئل اور دیگر مضر کیمیکلز استعمال کیے جا رہے تھے۔ مصالحوں کے نمونے لیبارٹری جانچ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں اور فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ، 2006 کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

مسٹر سجنار نے خبردار کیا کہ اس طرح کی ملاوٹی غذائیں جگر اور گردوں کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ کینسر، معدے کی بیماریاں، الرجی اور دیگر طویل مدتی صحت کے مسائل کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔

انہوں نے ایچ-فاسٹ کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیم کے قیام کے صرف 140 دنوں کے اندر 659 چھاپے مارے گئے، 202 ایف آئی آر درج کی گئیں اور 246 ٹن ملاوٹی غذائی اشیا ضبط کی گئیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شہر میں غذائی ملاوٹ کے خلاف جاری مہم کے دوران ملاوٹی ادرک-لہسن پیسٹ، سڑا ہوا گوشت، کیمیکل سے پکائے گئے پھل، مصنوعی پنیر، ملاوٹی اچار، چائے کا پاؤڈر اور ناقص معیار کا آر او پانی بھی ضبط کیا گیا۔