اے پی حکومت نے جونیرکالجس کے طلبہ کے لیے مفت اور اعلیٰ معیار کے کوچنگ میٹریل اور تیاری کی سہولت فراہم کرنے کا ایک انقلابی اقدام شروع کیا
اس اقدام کی قیادت ریاست کے وزیر تعلیم نارا لوکیش کر رہے ہیں۔یہ پہلا موقع ہے کہ ریاستی تعلیمی نظام میں اتنے بڑے پیمانے پر غریب اور پسماندہ طبقات کے طلبہ کو قومی سطح کے مقابلہ جاتی امتحانات جیسے جے ای ای اور نیٹ کی تیاری کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔

حیدرآباد: آندھرا پردیش حکومت نے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے ریاست بھر کے 1355 سرکاری جونیئر کالجوں میں تعلیم حاصل کر رہے ایم پی سی اور بائی پی سی طلبہء کے لیے مفت اور اعلیٰ معیار کے کوچنگ میٹریل اور تیاری کی سہولت فراہم کرنے کا ایک انقلابی اقدام شروع کیا ہے۔
اس اقدام کی قیادت ریاست کے وزیر تعلیم نارا لوکیش کر رہے ہیں۔یہ پہلا موقع ہے کہ ریاستی تعلیمی نظام میں اتنے بڑے پیمانے پر غریب اور پسماندہ طبقات کے طلبہ کو قومی سطح کے مقابلہ جاتی امتحانات جیسے جے ای ای اور نیٹ کی تیاری کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
فزکس، کیمسٹری، بایولوجی اور میتھمیٹکس کے لیے فراہم کیا جا رہا مفت مطالعہ مواد سرکاری و نجی کالجوں کے ماہرین تعلیم کی ایک ٹیم نے چھ ماہ کی محنت کے بعد تیار کیا ہے۔طلبہ کو اس سہولت سے مکمل فائدہ پہنچانے کے لیے حکومت نے کالج کے اوقات صبح 9:30 بجے سے شام 4 بجے تک سے بڑھا کر صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کر دیے ہیں۔
ہر روز طلبہ کو دو گھنٹے کی مخصوص کوچنگ فراہم کی جا رہی ہے، اور جونیئر لیکچررس کو نئے مواد کی مؤثر تدریس کے لیے تربیت دی گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی حکومت نے ہفتہ واری ٹسٹ، کارکردگی کا تجزیہ اور باقاعدہ ترقی کا جائزہ لینے جیسے اقدامات بھی متعارف کروائے ہیں، جو عام طور پر نجی اداروں میں دیکھے جاتے ہیں، مگر اب سرکاری کالجوں میں بھی لاگو کیے جا رہے ہیں۔
وزیر نارا لوکیش نے کہا: ’’یہ اقدام ہر طالبعلم کو، چاہے وہ کسی بھی پس منظر سے ہو، کامیابی کا منصفانہ موقع دینے کے لیے ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہم آندھرا پردیش کے ہر بچے کے لیے ایسا تعلیمی ماحول بنا رہے ہیں جہاں وہ بڑے خواب دیکھ سکے اور اعتماد کے ساتھ قومی سطح کے امتحانات کی تیاری کر سکے۔
وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ اس جرات مندانہ اقدام سے سرکاری شعبہ کے 1355 جونیئر کالجوں میں ایک لاکھ سے زائد طلبہء کو فائدہ پہنچے گا، اور اس کا مقصد نجی و سرکاری تعلیم کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا، ’’ہماری حکومت پختہ یقین رکھتی ہے کہ معیاری تعلیم ہر فرد کا حق ہے، نہ کہ کوئی عیش و عشرت۔
ہمارا مشن سادہ ہے: ہر طالب علم کو بڑے خواب دیکھنے اور بڑی کامیابی حاصل کرنے کے لیے اعتماد، وسائل اور ایک پلیٹ فارم دینا۔‘‘نارا لوکیش نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت کا وژن واضح ہے۔تعلیم کو حق بنانا، نہ کہ سہولت، اور یہی آندھرا پردیش ماڈل آف ایجوکیشن کی بنیاد ہے۔