چیتے کا حملہ، بنگلور کا کمسن بچہ لقمہ اجل بن گیا
بچے کے گھر والوں کے شور مچانے پر مقامی لوگ اور محکمہ جنگلات کے حکام فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ بڑے پیمانے پر چلائی گئی سرچ آپریشن کے بعد، جنگل کے اندر سے معصوم ہرشیت کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی۔
چیمہ راجنگر: ریاست کرناٹک کے ضلع چیمہ راجنگر میں ایک انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جہاں Male Mahadeshwara Hillsکے قریب چیتے نے حملہ کر کے ایک 10 سالہ بچے کو ہلاک کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق، بنگلور کے علاقے ‘لگیرے’ سے تعلق رکھنے والا کمسن بچہ ہرشیت اپنے خاندان کے تقریباً 10 افراد کے ساتھ ملیمہدیشور مندر سے ‘ناگاملے’ کی طرف پیدل سفر (پدیاترا) کر رہا تھا۔ جب یہ گروپ ‘انڈیگنتا’ کے قریب پہنچا، تو جھاڑیوں میں چھپے چیتے نے اچانک حملہ کر دیا اور سب کے دیکھتے ہی دیکھتے بچے کو گھسیٹ کر گھنے جنگل میں لے گیا۔
بچے کے گھر والوں کے شور مچانے پر مقامی لوگ اور محکمہ جنگلات کے حکام فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ بڑے پیمانے پر چلائی گئی سرچ آپریشن کے بعد، جنگل کے اندر سے معصوم ہرشیت کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی۔ اس واقعے نے بچے کے والدین اور ہمراہ آئے رشتہ داروں کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔
واضح رہے کہ ناگاملے کا راستہ گھنے جنگلاتی علاقے پر مشتمل ہے، جو جنگلی جانوروں کا مسکن مانا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی اس راستے پر جنگلی جانوروں کے حملے ہو چکے ہیں۔
چند ماہ پہلے بھی ایک شخص چیتے کے حملے میں جان گنوا بیٹھا تھا۔