آدھی رات کو آئی اے ایس سمیتا سبھروال کے مکان میں گھسنے کی کوشش، ڈپٹی تحصیلدار گرفتار
حیدرآباد: خاتون آئی اے ایس عہدیدار کے مکان میں رات دیر گئے گھسنے کی کوشش کرنے والے ڈپٹی تحصیلدار کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔یہ واقعہ دو دن پہلے پیش آیا۔شہر حیدرآباد کے جوبلی ہلز علاقہ کی گیٹیڈ کمیونٹی میں رہنے والی سوشیل میڈیا پر سرگرم خاتون آئی اے ایس عہدیدار سمیتا سبھروال نے اس واقعہ کو ٹوئیٹ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی تحصیلدار اور اس کا دوست ہوٹل کامالک کار میں رات میں گیٹیڈکمیونٹی میں واقع ان کے مکان پہنچے۔انہوں نے سیکوریٹی اہلکار سے کہا کہ وہ آئی اے ایس عہدیدار کے مکان جانا چاہتے ہیں جس پر ان کو اس بات کی اجازت دیدی گئی۔
ڈپٹی تحصیلدار نے کار میں اپنے دوست کو چھوڑدیا،خاتون عہدیدار کے مکان پہنچ گیا اور ان کے مکان کا دروازہ کھٹکھٹایا۔خاتون عہدیدار نے مکان کا دروازہ کھولا تو وہ نامعلوم شخص کو دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئیں۔
ڈپٹی تحصیلدار نے ان سے کہاکہ اس نے دو مرتبہ انہیں ٹوئیٹ بھی کیا ہے اور کام کے سلسلہ میں بات کرنے کیلئے ان کے پاس آیا ہے جس پر خاتون عہدیدار نے فوری طورپر سیکوریٹی اہلکاروں کو چوکس کیا جنہوں نے ڈپٹی تحصیلدار کو پکڑلیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس نے کار کو ضبط کرلیا اور اس کے دوست کو بھی گرفتار کرلیا۔خاتون آئی اے ایس عہدیدار نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایک رات پہلے خوفناک تجربہ ہوا جب ایک شخص ان کے مکان میں گھس گیا جس پر انہوں نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے اپنی جان بچائی۔