راہول گاندھی کے ایوان میں آتے ہی بھارت جوڑو کے نعرے
وزیر فینانس نرملا سیتا رمن کی بجٹ تقریر شروع ہونے کے تین منٹ بعد جب کانگریس لیڈر راہول گاندھی ایوان میں داخل ہوئے تو کانگریس ارکان نے 'بھارت جوڑو ' کے نعرے لگائے۔

نئی دہلی: وزیر فینانس نرملا سیتا رمن کی بجٹ تقریر شروع ہونے کے تین منٹ بعد جب کانگریس لیڈر راہول گاندھی ایوان میں داخل ہوئے تو کانگریس ارکان نے ‘بھارت جوڑو ‘ کے نعرے لگائے۔
پوری بجٹ تقریر کے دوران، چند وزرا اہم نکات لکھتے رہے، جن میں اطلاعات ونشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر، وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان، شہری ترقیات کے وزیر ہردیپ پوری، شہری ہوابازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا، اور پیوش گوئل شامل ہیں۔
اپوزیشن ارکان، خاص طور پر کانگریس کے ششی تھرور، ترنمول کے سوگت رائے اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی سپریا سولے بھی بجٹ تقریر کے دوران اہم نکات لکھتے نظر آئے۔کانگریس ارکان نے الزام لگایا کہ ایوان کا کیمرہ ان پر فوکس نہیں کیا جا رہا ہے۔
بجٹ تقریر میں جیسے ہی بندرگاہ کا نام آیا، اپوزیشن کی طرف سے اڈانی کا نام گونج اٹھا اور اپوزیشن ممبران نے اسے اڈانی کا بجٹ قرار دیا۔کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری ایک گھنٹہ 27 منٹ کی بجٹ تقریر کے دوران دو بار اپنی نشست سے کھڑے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے تمام اعداد و شمار کا 2014 سے موازنہ کرنے کی کیا ضرورت ہے۔
بجٹ تقریر کے ایک گھنٹہ مکمل ہونے بعد رنجن چودھری نے کھڑے ہو کر کہا کہ ” وزیر فینانس آپ صرف تقریر کریں گی، اب بجٹ پر بھی کچھ بول دیجئے "۔
آلودگی پھیلانے والی پرانی گاڑیوں کو ہٹانے کی شق پر بات کرتے ہوئے نرملا سیتارمن پرانی سیاسی بول کر رک گئیں جس پر اپوزیشن ارکان نے چٹکی لی تو وہ بھی مسکرانے لگیں۔
ترنمول کانگریس کے شتروگھن سنہا سب سے تاخیر سے تقریباً 11.55 بجے ایوان میں آئے۔ وزیر خزانہ نے جب سات لاکھ کی آمدنی پر کوئی انکم ٹیکس نہ لگانے کا اعلان کیا تو ارکان کافی دیر تک میزتھپتھپاتے نظر آئے۔