راہل گاندھی کی ذات پر بی جے پی لیڈر مہیشورریڈی کا سوال، صدرتلنگانہ پی سی سی کا شدید ردعمل
مہیش کمار گوڑنے کہا کہ گزشتہ چند دن سے مہیشور ریڈی کیا بیانات دے رہے ہیں کچھ سمجھ میں نہیں آرہا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ پی سی سی کے صدر مہیش کمار گوڑ نے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈرراہل گاندھی کی ذات سے متعلق بی جے پی فلور لیڈر مہیشور ریڈی کی جانب سے اٹھائے گئے سوال پر شدید ردعمل کااظہار کیا۔
انہوں نے میڈیا کے لئے جاری اپنے ایک ویڈیو پیام میں بی جے پی لیڈر کو مشورہ دیا کہ وہ مودی حکومت پر 2025 کی قومی سطح کی مردم شماری میں ذات پات کی مردم شماری کروانے کے لئے دباؤ ڈالیں اس وقت یہ پتہ چل جائے گا کہ راہل گاندھی کس ذات سے تعلق رکھتے ہیں۔
مہیش کمار گوڑنے کہا کہ گزشتہ چند دن سے مہیشور ریڈی کیا بیانات دے رہے ہیں کچھ سمجھ میں نہیں آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف مہیشورریڈی،تلنگانہ میں ذاتوں کی مردم شماری کا خیر مقدم کررہے ہیں تو دوسری طرف زعفرانی جماعت میں پسماندہ طبقات کی قیادت کو ختم کررہے ہیں۔
پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھنے والے بنڈی سنجے کو پارٹی کی ریاستی صدارت سے ہٹا کر اعلیٰ ذات سے تعلق رکھنے والے کشن ریڈی کو صدر بنایا گیا۔
اسی طرح اسمبلی میں بی جے پی فلور لیڈر بھی اعلیٰ ذات سے تعلق رکھتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ راہل گاندھی ملک بھر میں ذاتوں کی مردم شماری کرواتے ہوئے تمام طبقات کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی ذات ملک کی ذات ایک ہی ہے یہ وہ شخصیت ہے جو ذات پات مذہب اور علاقے کی تفریق کئے بغیر سب کے لئے مساوات چاہتے ہیں۔