حیدرآباد

فیشن ڈیزائننگ میں خواتین کے لیے روشن مواقع، محنت اور خود اعتمادی کامیابی کی کنجی: شہناز خان

تقریب میں مہمانِ خصوصی، صدرِ جمہوریہ ایوارڈ یافتہ Dr Sajida Khan نے شہناز خان کی ہمہ جہتی صلاحیتوں کی ستائش کرتے ہوئے لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ ان کی باتوں پر سنجیدگی سے عمل کریں اور فیشن ڈیزائننگ کے میدان میں آگے بڑھنے کی بھرپور کوشش کریں۔

حیدرآباد: فیشن ڈیزائننگ کے شعبے میں لڑکیوں اور خواتین کے لیے ترقی کے بے شمار مواقع موجود ہیں، بشرطیکہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھیں۔ ان خیالات کا اظہار معروف فیشن ڈیزائنر Shehnaz Khan نے طلبہ و طالبات کے لیے منعقدہ ایک انعامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہ تقریب دھوم ڈانس اسٹوڈیو محبوب نگر کے زیر اہتمام عظیم الشان پیمانے پر برلا پلانیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس میں پرگتی فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عارف الدین نے تعاون فراہم کیا۔ اس موقع پر کلچرل ڈے بھی منایا گیا، جہاں اساتذہ اور طلبہ کو مومنٹوز پیش کیے گئے اور سماج کی مختلف ممتاز شخصیات کی شال پوشی کے ساتھ تہنیت کی گئی۔

اپنے خطاب میں شہناز خان نے کہا کہ لڑکیوں میں بے پناہ تخلیقی صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان صلاحیتوں کو نکھاریں۔ انہوں نے موبائل فون کے غیر ضروری استعمال سے بچنے کی بھی نصیحت کی اور کہا کہ وقت کا صحیح استعمال ہی کامیابی کی بنیاد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں فیشن ڈیزائننگ نہ صرف ایک باوقار پیشہ ہے بلکہ اس سے آمدنی کے بہترین مواقع بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ لڑکیاں خود اعتمادی کے ساتھ اس میدان میں قدم رکھیں تو وہ نہ صرف فیشن ڈیزائنر بلکہ کامیاب انٹرپرینیور، کانٹینٹ کریئیٹر اور کریئیٹو ڈائریکٹر بھی بن سکتی ہیں۔

تقریب میں مہمانِ خصوصی، صدرِ جمہوریہ ایوارڈ یافتہ Dr Sajida Khan نے شہناز خان کی ہمہ جہتی صلاحیتوں کی ستائش کرتے ہوئے لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ ان کی باتوں پر سنجیدگی سے عمل کریں اور فیشن ڈیزائننگ کے میدان میں آگے بڑھنے کی بھرپور کوشش کریں۔

اس موقع پر معروف شاعر جناب لطیف الدین لطیف اور ماہرِ تعلیم محمد حسام الدین ریاض کو بھی تہنیت پیش کی گئی اور انہیں مومنٹوز اور شال پیش کیے گئے۔

شہناز خان نے آخر میں کہا کہ فیشن ڈیزائننگ صرف کپڑوں تک محدود نہیں بلکہ یہ زندگی کے مختلف شعبوں میں پھیل چکی ہے، اور آج کے دور میں سوشل میڈیا کے ذریعے گھر بیٹھے بھی اپنا برانڈ شروع کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے لڑکیوں کو تلقین کی کہ وہ ہمت، لگن اور مسلسل سیکھنے کے جذبے کے ساتھ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلیں۔