کرناٹک

آر ایس ایس پر پابندی کا مطالبہ کرنا بدقسمتی: چیف منسٹر کرناٹک

بومئی نے کہاکہ آر ایس ایس ایک ایسی تنظیم ہے جو ہمیشہ حب الوطنی کے لیے بیداری پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ میرے خیال میں سدارامیا کو اس سطح پر نہیں جانا چاہئے۔

ہبلی: کرناٹک کے چیف منسٹر بسواراج بومئی نے جمعہ کو کہا کہ اپوزیشن لیڈر سدارامیا کا راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر پابندی لگانے کا مطالبہ انتہائی افسوسناک ہے۔

بومئی نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے پاس یہ پوچھنے کی کوئی بنیاد نہیں ہے کہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) پر پابندی کیوں عائد کی گئی ہے کیونکہ یہ وہی پارٹی تھی جس نے پی ایف آئی کے خلاف درج مقدمات کو واپس لے لیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی غلطیوں کو چھپانے کے لیے کانگریس لیڈر آر ایس ایس پر پابندی کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن وہ یہ نہیں کہتے کہ اس پر پابندی کیوں لگائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس نے غریب، پسماندہ اور بے سہارا لوگوں کے لیے بہت سے ادارے بنائے ہیں اور قدرتی آفات کے دوران مدد کی ہے۔

بومئی نے کہا، "آر ایس ایس ایک ایسی تنظیم ہے جو ہمیشہ حب الوطنی کے لیے بیداری پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ میرے خیال میں مسٹر سدارامیا کو اس سطح پر نہیں جانا چاہئے۔”