علیحدگی کے بعد بچوں کی حوالگی کا تنازعہ، شوہر نے بیوی کو سڑک پرہی قتل کردیا (ویڈیو وائرل)
امرین خان پولیس اسٹیشن سے باہر نکلی تاکہ یہ دیکھ سکے کہ بچے اسکول میں ہیں یا نہیں۔ اسی دوران ندیم، جو چھری لیے اس کا انتظار کر رہا تھا، امرین کو روکا اور بے دردی سے اس کا مصروف سڑک پر قتل کردیا۔

ممبئی: مِرا روڈ کے نیا نگر پولیس اسٹیشن کے باہر جمعہ کے روز ایک المناک واقعہ پیش آیا جب 37 سالہ شخص، ندیم خان نے اپنی علیحدہ رہنے والی بیوی، 36 سالہ امرین خان کو بچوں کی حوالگی کے تنازعہ پر قتل کر دیا۔ ندیم، جو ایک انٹیریئر ڈیکوریٹر اور فرنیچر کی دکان کا مالک ہے، جرم کرنے کے بعد ظالم شوہر نے خود کو پولیس کے سامنے خودسپردکردیا۔
ندیم اور امرین دو سال قبل الگ ہو گئے تھے۔ علیحدگی کے بعد امرین باندرہ منتقل ہو گئی تھی، جبکہ ان کے دو بچے12 سالہ بیٹی اور 2 سالہ بیٹاندیم کے ساتھ مِرا روڈ میں رہتے تھے۔ 18 ماہ قبل امرین نے اپنے بچوں کی حوالگی کے لیے تھانے کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس کا فیصلہ امرین کے حق میں ہوا۔ تاہم، ندیم نے بچوں کو امرین کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا، جس کے باعث مزید قانونی پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔
https://x.com/HateDetectors/status/1845009244132675710
حالیہ دنوں میں عدالت نے حکم جاری کیا کہ امرین پولیس کی حفاظت میں اپنے بچوں کی حوالگی لے سکتی ہے۔ جمعرات کے روز امرین نے پولیس کو حفاظتی خدمات کے لیے 7,000 روپے ادا کیے تاکہ وہ بچوں کو ندیم کے گھر سے لے جا سکے۔ پولیس کے ہمراہ امرین ندیم کے گھر گئی، لیکن وہاں پہنچ کر گھر کو بند پایا۔ ندیم نے پولیس کو بتایا کہ بچے اپنی دادی کے ساتھ اجمیر، راجستھان گئے ہیں۔
جمعہ کے روز، امرین دوبارہ نیا نگر پولیس اسٹیشن آئی تاکہ ڈپٹی کمشنر آف پولیس پرکاش گائیکواڈ سے ملاقات کر سکے۔ انتظار کے دوران، وہ پولیس اسٹیشن سے باہر نکلی تاکہ یہ دیکھ سکے کہ بچے اسکول میں ہیں یا نہیں۔ اسی دوران ندیم، جو چھری لیے اس کا انتظار کر رہا تھا، امرین کو روکا اور بے دردی سے اس کا مصروف سڑک پر قتل کردیا۔
امرین خون میں لت پت سڑک پر پڑی تھی، اور اسے فوراً اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن جانچ کے بعد ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ ندیم نے فوری طور پر خود کو پولیس کے حوالے کر دیا، اور اسے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے کیس کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور معاملہ کی مزید تفصیلات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔