تلنگانہ میں مسلسل بارش،دریائے گوداوری کی سطح میں مسلسل اضافہ،حکام چوکس
تلنگانہ میں مسلسل چوتھے دن بھی شدید بارش ہورہی ہے۔ حیدرآباد کے بیشترعلاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں مسلسل چوتھے دن بھی شدید بارش ہورہی ہے۔ حیدرآباد کے بیشترعلاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، پنجہ گٹہ، امیرپیٹ، بورابنڈہ، کوکٹ پلی، مادھاپور، فلم نگر اور دیگر علاقوں کی بعض کالونیاں زیر آب آگئیں۔
کئی مقامات پر بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔بھدراچلم ٹاون میں مسلسل بارش اور بالائی علاقوں کے پراجکٹس کے پانی کے بہاو کی وجہ سے دریائے گوداوری کی سطح میں مسلسل اضافہ ہوتاجارہا ہے۔
اس دریا کی سطح 43 فٹ کی پہلی وارننگ لیول تک پہنچنے کا امکان ہے، یہ سطح صبح 7 بجے 39.10 فٹ تک پہنچ گئی جس کے ساتھ ہی 8,38,117کیوزک پانی کو 10بجے دن چھوڑا گیا۔بالائی پراجکٹس میں مسلسل بارش کے پانی کے سبب پانی کی سطح بڑھ رہی ہے۔
ضلع کلکٹر ڈاکٹر پرینکا نے کہا کہ پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ کے پیش نظر سرکاری مشنری کو چوکس کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکام کو بارش سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ساتھ ہی عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ حکومت کی ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے سے پہلے عوام بازآباد کاری مراکز پہنچ جائیں۔ سرکاری عملہ گاؤں، منڈل اور ضلع سطح کے دفاتر پر دستیاب ہو۔
جن علاقوں میں پانی سڑکوں پر پہنچ گیا ہے وہاں ٹرانسپورٹ سروس بند کی جائے، ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے بیریکیڈس اور خطرے کے نشان والے بورڈ لگائے جائیں۔جگتیال ضلع میں کل شام تک اوسطاً 16.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
جگتیال ٹاون میں میں سب سے زیادہ 42.5 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ دھرما پوری سری کونڈہ میں سب سے کم 21.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ضلع کلکٹر شیخ یاسمین نے ضلعی عہدیداروں کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ کلکٹر نے بارش سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو بالائی علاقوں میں بازآبادکاری مراکز میں منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں، پلوں، چیک ڈیموں، ندی نالوں غیرہ پر پانی کے بہاؤ والے علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات بند کرنے کی ہدایت دی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چار روز تک شدید بارش کا انتباہ دیا ہے۔ 5 اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ، 7 اضلاع کے لیے آرینج الرٹ اور باقی اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی ڈائرکٹر ڈاکٹر ناگارتنا نے کہا کہ ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثر آئندہ چار دنوں تک شدید بارش ہوگی۔ اگست کے پہلے ہفتے تک ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اس سلسلہ میں حکام کو چوکس کردیاگیا ہے۔
شمالی تلنگانہ کے اضلاع میں حکام آبی ذخائر، کم اونچائی والے پلوں، سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی کی سطح پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور وقتاً فوقتاً صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کئی ضلع کلکٹریٹس میں کنٹرول روم اور ہیلپ ڈیسک پہلے ہی قائم کیے جا چکے ہیں۔
رنگاریڈی ضلع کے عطاپورچنتل میٹ چوراہے پر شدید بارش کے دوران بڑادرخت گرپڑاجس کے نتیجہ میں بڑے پیمانہ پر ٹریفک جام ہوگئی اورگاڑی سواروں کو شدید مشکل صورتحال کاسامنا کرناپڑا۔
اس واقعہ کے وقت سڑک پر کسی کے بھی نہ ہونے کے سبب کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔شہر کی ایم ایل اے کالونی میں بھی ایک بڑادرخت اور بجلی کا پول گرپڑا۔
ایس بی آئی کے قریب یہ بڑادرخت بارش کے دوران بھاری آواز سے اچانک گرپڑاجس سے ٹریفک میں رکاوٹ پید اہوگئی۔