گیس سلنڈر کی مفت سربراہی اسکیم کا آغاز
آندھرا پردیش میں تمام اہل خواتین کو سال میں 3پکوان گیس سلنڈر کی مفت فراہمی اسکیم کا ریاست میں یکم نومبر سے آغاز ہوگا۔

امراوتی (آئی اے این ایس) آندھرا پردیش میں تمام اہل خواتین کو سال میں 3پکوان گیس سلنڈر کی مفت فراہمی اسکیم کا ریاست میں یکم نومبر سے آغاز ہوگا۔
چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈؤ، جمعہ کے روز خواتین میں سالانہ3گیس سلنڈرس کی مفت فراہمی اسکیم کا آغاز کریں گے۔ نائیڈو، یکم نومبر کو سریکا کولم میں اس نئی اسکیم کو متعارف کرائیں گے۔ پٹرولیم کمپنیوں کے عہدیداروں کو رواں ماہ کی سبسیڈی کی رقم894کروڑ روپے کے چیک حوالہ کرنے کے بعد چیف منسٹر نائیڈو نے چہارشنبہ کے روز یہ اعلان کیا ہے۔
اس اسکیم کے تحت گیس بکنگ منگل کے روز سے ہی شروع ہوئی ہے۔ دیپم۔2اسکیم کے تحت خاتون استفادہ کنندگان میں سال میں 3گیس سلنڈرس مفت سربراہ کئے جائیں گے۔ یہ اسکیم، تلگودیشم پارٹی کے سوپر6ضمانتوں کا حصہ ہے۔ تلگودیشم پارٹی اور اس کی حلیف دیوالی سے اس اسکیم کو نافذ کرنے والی ہے۔
چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے آج سکریٹریٹ میں بھارت پٹرولیم، ہندوستان پٹرولیم اور انڈین آئیل کارپوریشن کے عہدیداروں میں پکوان گیس کی سبسیڈی رقم کے طور پر 894 کروڑ روپے کے چیکس حوالے کئے۔
حالیہ دنوں منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں اس اسکیم کو منظوری دی تھی جس پر عمل آوری سے سرکاری خزانہ پر سالانہ2684 کروڑ روپے کا بوجھ عائد ہوگا۔
اس اسکیم کے تحت اہل خواتین میں سال بھر میں محض3سلنڈرس مفت سربراہ کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت، دیپم۔2 اسکیم کے تحت ہر 4ماہ میں ایک بار مفت سلنڈر سربراہ کرے گی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر سیول سپلائز این منوہر اور دیگر چند استفادہ کنند گان موجود تھے۔