بھارت

صحافی محمد زبیر کے خلاف ایک اور کیس میں وارنٹ

سپریم کورٹ کی جانب سے آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو سیتا پور میں درج کیے گئے ایک کیس میں پانچ دن کی عبوری ضمانت منظور کیے جانے کے چند ہی گھنٹوں بعد لکھیم پور کھیری پولیس نے زبیر کے خلاف وارنٹ حاصل کرلیا۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ کی جانب سے آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو سیتا پور میں درج کیے گئے ایک کیس میں پانچ دن کی عبوری ضمانت منظور کیے جانے کے چند ہی گھنٹوں بعد لکھیم پور کھیری پولیس نے زبیر کے خلاف وارنٹ حاصل کرلیا۔

یہ وارنٹ گزشتہ سال محمدی پولیس اسٹیشن میں درج کردہ کیس میں جاری کیا گیا ہے۔یہ کیس دو گروپس میں دشمنی کو فروغ دینے کے الزام میں درج کیا گیا تھا۔

لکھیم پور کھیری کی عدالت نے محمد زبیر کو سمن جاری کیا ہے اور 11 جولائی کو حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ لکھیم پور کھیری کیس گزشتہ سال ستمبر میں عدالت کی ہدایت پر درج کیا گیا تھا۔لکھیم پور کھیری پولیس جمعہ کے روز ایک مقامی عدالت سے رجوع ہوئی اور زبیر کے خلاف وارنٹ حاصل کیا۔

اس وارنٹ کی سیتا پور کی ضلع جیل میں تعمیل کی گئی جہاں زبیر محروس ہیں۔لکھیم پور کھیری کی عدالت نے زبیر کو 11 جولائی کو حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ لکھیم پور کھیری کے سپرنٹنڈنٹ پولیس نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ زبیر کو عدالت میں پیش کرنے کی ذمہ داری جیل کے حکام کی ہے۔

پولیس کے مطابق آشیش کمار کٹیار نے زبیر پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے ٹوئٹر پر جھوٹی خبریں گشت کرائی تھیں تاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو درہم برہم کیا جاسکے۔

اسی کے مطابق زبیر کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعہ 153A کے تحت ایک کیس درج کیا گیا ہے۔زبیر کو دو دن پہلے سیتا پور سے دہلی لایا گیا تھا جہاں گزشتہ ہفتہ درج کیے گئے ایک علیحدہ کیس میں اسے جیل میں رکھا گیا تھا۔ دہلی پولیس نے زبیر کو سیتا پور کی ایک مقامی عدالت میں پیش کیا، جس نے انہیں سیتا پور کیس میں چھ روزہ پولیس تحویل میں دے دیا تھا۔