یوروپ

مسلم کمیونٹی اور مساجد کی حفاظت کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا: برطانوی وزیراعظم

اسٹارمر نے دائیں بازو کی سیاست کی مذمت بھی کی اور کہا کہ ساؤتھ پورٹ حملے کے متاثرین کا دکھ ناقابل تصور ہے، واضح ہے کہ بدامنی آن لائن تشہیر سے پھیلی، سوشل میڈیا کمپنیوں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

لندن: برطانوی وزیراعظم کئیر اسٹارمر کا کہنا ہے کہ مسلم کمیونٹی اور مساجد کی حفاظت کے لیے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔ برطانیہ میں بچوں کے قتل کے بعد دائیں بازو کی سرگرمیوں سے نمٹنے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کئیر اسٹارمر کا کہنا تھا دائیں بازو والے مساجد پر حملے کرکے “اپنا آپ “ دکھا رہے ہیں، بدامنی پھیلانے کے پیچھے “بدمعاش گروہ ملوث” ہے۔

متعلقہ خبریں
ٹیپوسلطان کے مجسمہ کو چپلوں کا ہار پہنانے کا واقعہ
عوام میں کے سی آر کی عزت ہنوز برقرار: کے ٹی آر
کانگریس پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام: کے کویتا

ان کا کہنا تھا ملک بھر کی پولیس فورسز پُرتشدد واقعات سے ملکر نمٹیں گی، مسلم کمیونٹی کی حفاظت کیلئے ہر وہ قدم اٹھایا جائے گا جو ضروری ہو۔

کئیر اسٹارمر کا کہنا تھا بڑے پیمانے پر بےامنی چند بے عقل افراد کے اقدام سے پھیلی، سڑکوں پر امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، نامناسب سرگرمیوں میں ملوث افراد کی نقل و حرکت محدود کرنے کیلئے انٹیلی جنس کا اشتراک اور چہرے کی شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کا سہارا لیں گے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کئیر اسٹارمر نے دائیں بازو کی سیاست کی مذمت بھی کی اور کہا کہ ساؤتھ پورٹ حملے کے متاثرین کا دکھ ناقابل تصور ہے، واضح ہے کہ بدامنی آن لائن تشہیر سے پھیلی، سوشل میڈیا کمپنیوں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ مسلم کونسل آف برٹن نے اپیل کی کہ مسلم کمیونٹی اور مساجد کی حفاظت کیلئے اضافی اقدامات کیے جائیں۔

a3w
a3w