خواتین کو عزت و احترام کے لیے سیدہ فاطمتہ الزہرا رضی اللّٰہ عنہا کی سیرت پر چلنا ہوگا
جب حضور نبی اکرم ﷺ گھر تشریف لاتے تو سیدہ کائناتؓ احتراما کھڑی ہو جاتیں اور دست بوسی رماتیں۔
آج کی عورت اگر عزت و احترام چاہتی ہے تو سیدۃالنساء کی مقدس سیرت کی پیروی کرے۔،مجلس فیضان مصطفی سے مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا اظہار خیال
حیدرآباد 16نومبر (پریس ریلیز ) کل هند مجلس فیضان مصطفی صلی اللّٰہ علیہ وسلّم کے زیر اہتمام جشن ولادت خاتون جنت حضرته سیده بی بی فاطمتہ الزہرا رضی اللّٰہ عنہا کے جلسوں کو عظیم الشان پیمانہ پر منعقد کرنے سلسلہ میں مرکزی دفتر سالار جنگ کالونی ٹولی چوکی روڈ میں ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔
جس کی صدارت صدر کل هند مجلس فیضان مصطفی صلّی اللہ علیہ وسلّم الحاج محمد رحیم الله اللہ خان خان نیازی سابق چیرمین اردو اکیڈمی متحدہ آندھرا پردیش نے کی ۔
مہمانان خصوصی مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ و قاری محمد صابر با شاه قادری خطیب وامام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد مولانا عبد الجليل طارق نائب صدر ، مولانا سید شوکت حسین نائب صدر مولانا سید رفعت على خطیب نقشبندی ، جنرل سکریٹری کل ہند مجلس فیضان مصطفی صلّی اللہ علیہ وسلم جناب الحاج محمد حسین نقشبندی زبیر محمد شہباز خان نیازی کے علاوه دیگر اراکین نے بھی شرکت کی اور مشورے بھی دیا۔
حسب ذیل جلیسے جشن حضرت خاتون جنت منعقد ہوں گے۔ 20 ڈسمبر بروز جمعه قبل نماز جمعہ مسجد پرنس شہامت جاہ بہادر ریڈہلز حیدرآباد کومنعقد ہوگا پھر 20 ڈسمبر ہی کوبعد نماز مغرب ڈائمنڈ جوبلی ہائی کا اسکول نظام کالونی ٹولی چوکی پر منعقد ہوگا 22 دسمبر کو بعد نماز عشاء مسجد شجاعت جانگی نگر، ٹولی چوکی 24 ڈ سمبر کوبعد نماز مغرب مسجد محمود قادری چھا بڑا انکلو گندان قطب شاہی روڑ
26 ڈسمبر کو اردو گھر مغلپورہ حیدرآباد پر برائے خواتین وطالبات 28 ڈسمبر کوبعد نماز عشاء الحسنات کالونی ٹولی چوکی پر منعقد ہوگا ان تمام جلسوں کو دکن کے ممتاز ومعروف سرکردہ علماء ومشائخ دانشورانِ قوم وملت مخاطب کریں گے ،
اس موقع پر مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ کائنات حضور نبی اکرم ﷺ کی محبوب بیٹی تھیں آپ ﷺنے فرمایا ’’فاطمہ رضی اللّٰہ عنہا میرے جگر کا ٹکڑا ہے جس نے فاطمہ کو ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ کائنات رضی اللّٰہ عنہا ہر موقع پر حضور اکرم ﷺ کے ساتھ رہیں۔
سیدہ کائنات رضی اللّٰہ عنہا نے اپنے شوہر حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کے ساتھ مل کر ہر سختی اور تنگی کو خوش دلی سے برداشت کیا۔ خاتون جنت نے حضرت امام حسن رضی اللّٰہ عنہ، حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ اور سیدہ زینب رضی اللّٰہ عنہا کی ایسی مثالی تربیت فرمائی کہ ان نفوس قدسیہ نے پوری انسانیت کو عزت و وقار کے ساتھ زندہ رہنے کے آداب سکھائے۔
سیدہ کائنات رضی اللّٰہ عنہا کو آپ ﷺ نے جنتی عورتوں کی سردار قرار دیا۔ مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اللّٰہ عنہا کی وہ عظیم ہستی ہیں جن کے پاکیزہ وجود کو مثال بنا کر دین اسلام نے عورت کی عظمت کو بیان کیا ہے۔
سیدہ کائنات رضی اللہ عنہاعورت کو دیئے گئے مقام و احترام کا منبع ہیں۔ آج کی عورت اگر عزت و احترام چاہتی ہے تو سیدۃالنساء کی مقدس سیرت کی پیروی کرے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ہر عورت سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے در اقدس سے سیرت و کردار اور عفت و حیا کی خیرات لے۔
سیدہ کائنات کی ذات مبارکہ حسن سیرت اور حسن بصیرت کا مرقع ہے۔ حضور ﷺ سے نسبت رکھنے والی ہستیوں کا ذکر کثیر خیر و برکت کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیدہ کائنات کی شخصیت انسانیت کیلئے عظمت کا مینارہ نور ہے۔ تعلیمات زہراء پر عمل کرنے میں ہی آج کی عورت کیلئے عظمت ہے۔
امت مسلمہ کی خواتین کو سیدہ بتول رضی اللّٰہ عنہا کی صفات میں ڈھل کر انکے کردار کا مظہر بننا ہو گا۔ آج سیدہ کائنات کے اسوہ پر عمل کرنیوالی بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے۔
آنیوالی نسلوں کو مقام زہراء رضی اللہ عنہا کے آداب سکھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
سیدہ کائناتؓ، کائنات کی وہ عظیم المرتبت ہستی ہیں، جن کے پاکیزہ کردار کو حوالہ بنا کر اسلام نے عورت کی عصمت و عظمت کو بیان کیا۔
سیدہ فاطمۃ الزہراہؓ نسلوں کے اخلاق و کردار کی حفاظت اور خدمت دین و انسانیت کے اعتبار سے قیامت تک آنے والی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں۔ ایک با عصمت اور کامیاب زندگی کیلئے خواتین سیرت سیدۃ النساء کی پیروی کریں۔
حضرت فاطمۃ الزہراہؓ کائنات کی وہ خوش قسمت بیٹی ہیں جنہیں محبوب خدا حضور نبی اکرم ﷺ اپنے جگر کا ٹکڑا اور آنکھوں کی ٹھنڈک فرماتے تھے اور جس ہستی کیلئے کائنات کا ذرہ ذرہ احتراماً دو زانو ہوتا ہے وہ محبوب خدا ﷺ خاتون جنت کے احترام کیلئے کھڑے ہو جایا کرتے تھے۔
روزمحشر خاتون جنت کیلئے اعلان ہو گا کہ نگاہیں جھکا لو محمد عربی ﷺ کی بیٹی تشریف لا رہی ہیں۔
حضرت علی کرم اللہ وجہہ روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا (اے بیٹی) اللہ تیری ناراضی کو دیکھ کر ناراض ہوتا ہے اور تیری خوشی کو دیکھ کر خوش ہوتا ہے۔
ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہؓ نے خود بیان کیا کہ میں نے حضور نبی اکرم ﷺ کے سوا فاطمہؓ سے کائنات میں کسی کو افضل نہیں دیکھا۔
جب کبھی سیدہ کائناتؓ آپ ﷺ کی مجلس میں تشریف لاتیں توآپ ﷺ مرحبا یا فاطمہؓ کہہ کر ان کا ہاتھ پکڑ لیتے، بوسہ لیتے اور فاطمۃ الزہراہؓ کو اپنی جگہ پر بٹھا دیتے۔
جب حضور نبی اکرم ﷺ گھر تشریف لاتے تو سیدہ کائناتؓ احتراما کھڑی ہو جاتیں اور دست بوسی رماتیں۔
بیٹیوں سے محبت حضور نبی اکرم ﷺ کی مبارک سنت ہے ہر باپ بیٹیوں سے محبت و شفقت کا برتاؤ کرکے حضور نبی اکرم ﷺ سے اپنی محبت کا اظہار کرے۔ اللہ رب العزت سیدہ کائناتؓ کے ادب اور ان کی سیرت پر عمل کرنے کی توفیق دے