آخری رسومات میں ڈانسرز بلا کر سب کو حیران کر دیا گیا، مرحوم کی آخری خواہش نے چھیڑ دی بحث
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مرحوم کی خواہش تھی کہ ان کی موت پر لوگ غمزدہ ہونے کے بجائے خوشی کے ساتھ ان کی زندگی کو یاد کریں۔
نئی دہلی: تھائی لینڈ میں ایک انوکھا اور حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک خاندان نے اپنے پیارے کی آخری خواہش پوری کرنے کے لیے آخری رسومات کے دوران رقاصاؤں کو مدعو کر لیا۔ اس غیر معمولی اقدام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور لوگوں کے درمیان بحث کا موضوع بن گئی ہے کہ آیا یہ عمل درست تھا یا نہیں۔
عام طور پر آخری رسومات کا ماحول غمگین ہوتا ہے، جہاں لوگ سوگ میں ڈوبے ہوتے ہیں، مگر اس واقعہ نے روایتی تصور کو بدل کر رکھ دیا۔ یہ واقعہ تھائی لینڈ کے صوبہ نکھون سی تھمارات کے رون فِبُن ضلع میں واقع واٹ تھیپھانوم چویت مندر میں پیش آیا، جہاں 59 سالہ شخص کی آخری رسومات کے دوران یہ منفرد منظر دیکھنے کو ملا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مرحوم کی خواہش تھی کہ ان کی موت پر لوگ غمزدہ ہونے کے بجائے خوشی کے ساتھ ان کی زندگی کو یاد کریں۔ اسی خواہش کو پورا کرنے کے لئے خاندان نے تین ’ڈانسرز‘ کو مدعو کیا، جنہوں نے تابوت کے سامنے پرفارمنس پیش کی۔
اس تقریب کو وہاں موجود افراد نے نہ صرف دیکھا بلکہ سوشل میڈیا پر براہِ راست نشر بھی کیا، جس کے بعد ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی۔ اس پر عوامی ردعمل ملا جلا رہا۔ کچھ افراد نے اسے مرحوم کی خواہش کا احترام قرار دیا جبکہ دیگر نے اسے آخری رسومات جیسے سنجیدہ موقع کے لیے نامناسب اور غیر اخلاقی قرار دیا۔
کئی صارفین نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا کہ ایسے پروگرام میں بچوں کی موجودگی کس حد تک مناسب ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ غم میں ڈوبے رہنے کے بجائے اس انداز میں یاد کرنا بہتر ہے، جبکہ دوسرے نے کہا کہ آخری خواہش کا احترام ضروری ہے، مگر بچوں کو ایسے مناظر سے دور رکھا جانا چاہیے۔